منجا کوٹ //تحصیل منجا کو ٹ کے پنجگرائین علاقہ میں محکمہ صحت کا سب سنٹر گزشتہ چھ برسوں سے سرکاری عمارت میں منتقل ہی نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے جہاں سرکاری خزانہ کا غلط استعمال کیا جارہا ہے وہائیں مکینوں کو بھی مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ 6برسوں سے سرکاری عمارت مکمل ہے لیکن کئی مرتبہ محکمہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی سب سنٹر کو کرائے کی عمارت سے منتقل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر میں تعینات ملازم بھی حاضر نہیں رہتا جس کی وجہ سے مریضوں کو چھوٹی چھوٹی سی بیماریوں کیلئے بھی دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ او ع اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن برسوں بعد بھی سب سنٹر سرکاری عمارت میں منتقل نہیں کیاجاسکا ۔مقامی سرپنچ نے دیگر مظاہرین کے ہمراہ بتایا کہ ملازمین کی غیر سنجیدگی کیساتھ ساتھ اعلی ٰ حکام کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مظاہرین اور پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر کو جلدازجلد سرکاری عمارت میں منتقل کیا جائے تاکہ عوامی مشکلات کم ہو سکیں ۔