گمشدہ شخص کی لاش تین دن بعد بازیاب
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں گزشتہ تین دنوں سے گمشدہ ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ 25سالہ ارون کمار ولد بنسی لعل سکنہ مرادپور گزشتہ تین دنوں سے لاپتہ تھا ۔لواحقین نے بتایا کہ تین دن قبل مذکورہ شخص ایک قریب کے دریا پر گیا تھا جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگیاتھا جس کے بعد اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی گئی تھی اور لاپتہ شخص کی تلاش سٹیٹ ڈائز سٹر رسپونس ٹیم و مکینوں نے کی جانب سے کی جارہی تھی ۔جمعرات کو بعد دوپہر مکینوں نے گمشدہ شخص کی لاش راجوری دریا سے باز یاب کروا لی ۔لواحقین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ راجوری دریا میں بڑی تعداد میں غیر قانونی طورپر ریت بجری مافیا سرگرم ہے جبکہ اس کے علاقہ کریشر مالکان کی جانب سے بڑی تعداد میں دریا کو نقصان پہنچایا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ شخص کی موت واقعہ ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک افراد مذکورہ نوعیت کے کھڈوں سے لاعلم ہوتے ہیں اور وہ ان کھڈوں میں گر کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ دریا میں سے غیر قانونی طورپر ریت اور بجری نکالنے کے عمل پر مکمل طورپر پابندی عائد کی جائے ۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں 174سی آر پی سی کے تحت معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں 2ہفتوں سے پانی سپلائی بند
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں محکمہ آب رسانی کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ دو ہفتوں سے سپلائی بند ہو چکی ہے تاہم مکینوں کی جانب سے محکمہ اور ضلع انتظامیہ راجوری سے رجوع کرنے کے بعد بھی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں ۔مکینوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ کے میکینکل شعبہ کی نااہلی کی وجہ سے مشینری میں کوئی تکینکی خرابی آئی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان کی سپلائی بند ہے تاہم محکمہ لوگوں کو کووڈ جیسے مشکل وقت میں معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی بحالی کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ ملازمین و آفیسران سے رابطہ کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے تحصیل کے متعدد سرکاری دفاترمیں پانی جیسی سہولیات میسر نہیں ہیں ۔مکینو ں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور واٹر سپلائی جلداز جلد بحال کی جائے تاکہ عام لوگوں کی دقتیں کم ہوسکیں ۔