شوپیان+سوپور// گنہ پورہ شوپیان میں فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان مسلح تصادم آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ یہاں مزید 2جنگجو موجود تھے، لیکن رات 9بجے یہاں آپریشن ختم کیا گیا۔ادھرمقام جھڑپ کے نزدیک پر تشدد جھڑپوں میں نصف درجن سے زائد افراد پتھرائو اور شلنگ سے زخمی ہوئے۔ادھر وارپورہ سوپور میں فائرنگ کے تبادلے بعد شبانہ محاصرہ جاری رکھا گیا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے میمندر اور گنہ پورہ نامی دیہات کے درمیان وسیع میوہ باغاتی علاقے میں کم سے کم 3جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی ، جس کے بعد 44 آر آر، 14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے بعد دوپہر قریب ایک بجے محاصرہ کیااور پورے میوہ باغاتی علاقے کے ارد گرد ناکہ بندی کی اور تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دن کے ایک بجکر 50منٹ پر گولیاں چلنے کی آوازین سنی گئیں لیکن وہ معمولی تھیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ3بجکر 20منٹ پر دوبارہ فائرنگ شروع ہوئی جس میں شدت تھی جو کچھ دیر تک جاری رہی جس میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا ۔لیکن اسکے بعد طرفین کے درمیان کوئی فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوں نے گھنے میوہ باغات کی آڑ میں فرار ہونے کی کوشش کی جس کے دوران فائرنگ کا زوردار تبادلہ ہوا ، جس میں ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی۔ اسکی شناخت اعتماد احمد ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن اویند راولپورہ کے بطور ہوئی ۔ وہ 26مارچ سے لاپتہ ہوا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں گھنے میوہ باغات میں تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ طور پر اطلاع ملی تھی ۔ جنگجو مخالف آپریشن رات قریب 9بجے ختم کیا گیا۔ادھر جونہی بعد دوپہر مسلح جھڑپ کا آغاز ہوا تو اسی دوران مقامی نوجوان مشتعل ہوئے اور انہوں نے مقام جھڑپ پر جانے کی کوشش کی تاکہ فورسز کے آپریشن میں خلل ڈالا جاسکے۔اس موقعہ پر انہوں نے سیکورٹی فورسز پر پتھرائو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ فورسز نے پیلٹ کا بھی استعمال کیا اور جھڑپوں میں نصف درجن سے زائد افراد کو چوٹیں آئیں۔
سوپور
وار پورہ سوپور میں جمعہ کی شام جنگجوئوں کی موجودگی پر سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے آغاز پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد یہاں شبانہ آپریشن جاری رکھا گیا۔پولیس کے مطابق 22آر آر ، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل گروپ نے مشترکہ طور پر جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر وار پورہ نامی گائوں کا محاصرہ کیا اور گائوں کی ناکہ بندی کر کے آپریشن کا آغاز کیا۔آپریشن شام 7بجے شروع ہوا جس کے دوران طرفین کے درمیان فائرنگ کا زوردار تبادلہ ہوا، جو کچھ دیر تک جاری رہا۔اسکے فوراً بعد شبانہ محاصرہ سخت کیا گیا اور گائوں میں روشنی کا انتظام کیا گیا۔یہاں رات گئے تک محاصرہ جاری تھا۔لیکن فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہورہا تھا۔