تمام سہولیات کی آزمائش کے بعد 4-3 دن میں ہسپتال مکمل طور پر آپریشنل ہو گا : لیفٹیننٹ گورنر
جموں //کووڈ 19 وبائی مرض سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے ایک اور اقدام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ( ڈی آر ڈی او ) کے 500 بستروں پر مشتمل کووڈ ہسپتال کا افتتاح کیا اور اس سہولت کو جموں کے عوام کے نام وقف کیا ۔ بھگوتی نگر میں قائم اس 500 بستروں والے ہسپتال میں 125 انٹیسو کئیر یونٹ ( آئی سی یو ) بیڈ ہوں گے جبکہ دیگر بیڈ 24 گھنٹے آکسیجن والے کووڈ بستروں پر مشتمل ہے ۔ ہسپتال وینٹی لیٹرز ، مانیٹرس سے آراستہ ہو گا جس میں فارمیسی ، تشخیصی سہولت ، ایکس رے اور سی ٹی سکین کی سہولت بھی دستیاب ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ میں وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا جموں و کشمیر کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر ان کا مشکور ہوں ‘‘۔جاری وبائی اور آئندہ چیلنجوں سے نمٹنے پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ڈی آر ڈی او ہسپتال موثر طریقہ کار کے ساتھ کووڈ وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں حکومت کی کوششوں میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ’’ مجھے چئیر مین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر جی ستیش ریڈی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد اور ان کی تعریف کرنی ہو گی جو ریکارڈ وقت میں اس سہولیات سے متعلق طبی سہولیات کی تعمیر کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں ‘‘۔ جموں اور ڈویژن کے دیگر علاقوں میں ہمارا صحت کا بنیادی ڈھانچہ صحت کی دیکھ ریکھ کی خدمات کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ توقع ہے کہ یہ ہسپتال بھی تین چار دن میں مکمل طور آپریشنل ہو جائے گا ۔ دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر نے مریضوں کے بلاک ، آئی سی یو وارڈ ، جنرل وارڈ ، فارمیسی سمیت نئے قائم ہونے والے ہسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جس میں انہوں نے مریضوں کو دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مریضوں کی دیکھ ریکھ کے انتظام کیلئے ہسپتال کے حوالے سے متعلق پالیسی کی سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر فائنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو نے مذکورہ ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا کو بتایا کہ اس کووڈ ہسپتال میں ٹرائل رن مکمل ہونے کے بعد مریضوں کو داخل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: 'ٹرائل رن مکمل ہونے کے بعد اس ہسپتال میں مریضوں کو داخل کرنا شروع کیا جائے گا، ہم یکم جون سے اس میں مریضوں کو داخل کر سکیں گے '۔موصوف نے کہا کہ ہسپتال میں 125 آئی سی یو بسترے ہیں جن کے ساتھ وینٹی لیٹر بھی لگے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں بھی پانچ سو بستروں والے کووڈ ہسپتال کی تعمیر کا کام چل رہا ہے اور اس کو ایک ہفتے میں تیار کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے ڈپٹی چیف انجینئر نے بتایا کہ پانچ سو بستروں پر مشتمل یہ کووڈ ہسپتال لوگوں کے لئے کافی مدد گار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں بھی پانچ سو بستروں والے کووڈ ہسپتال کو تیار کرنے کے لئے دن رات کام چل رہا ہے اور اس کو بھی ایک ہفتے میں شروع کیا جائے گا۔