تھنہ منڈی// جموں و کشمیر پولیس نے راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں چورو ں کے ایک گروپ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چوری شدہ گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ چوروں ک ے قبضہ سے 2ٹریکٹر روں سمیت 3گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔ 7 جون کو پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میں تین مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں بتایا گیا تھا کہ ساج اور کوٹ بہروٹ علاقوں سے ان کی گاڑیاں لاپتہ ہوگئی ہیں۔ چنانچہ مقامی پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کرتے ہوئے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کردی تھیں ۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری کی نگرانی میں پی ایس آئی آکاش شرما اور مان سنگھ کی سربراہی میں پولیس کی دو الگ ٹیموں نے تفتیش شروع کی۔ دوران تفتیش متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی۔تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کر کے ان کے بیانات قلمبند کئے جس کے دوران واردات میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے ایک نابالغ ملزم کو بھی پکڑاجس نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے اور ان دونوں کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی گئی۔ بیان میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے انکشاف پر چھاپوں کے دوران چوری کی گئی تین گاڑیاں برآمد کی گئیں جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔