واشنگٹن// امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 14 افراد زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے اور 12 کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ٹیکساس کے مصروف شہر آسٹن میں 2 مسلح افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں آس پاس موجود14 افراد زخمی ہوگئے ۔آسٹن کے محکمہ پولیس کے عبوری چیف جوزیف چیکون کے مطابق یہ بظاہر دو فریقین کے درمیان کا آپس کا معاملہ لگتا ہے جبکہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد عام شہری تھے جن کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔آسٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملزموں میں سے ایک کو ٹاسک فورس کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔