گول //کٹراہ ریلوے لائن کی تعمیر پر تعینات قومی تعمیری کمپنیوں کی لاپرواہی سے سنگلدان کے لوگوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔کیونکہ وہاں کی سڑکوں پر اٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں اوریہ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔سنگلدان بازارمیں سوموار کو لوگوں نے ایک پرامن احتجاج کرتے ہوئے ریلوے کمپنیوں کے خلاف غم وغصے کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ یہاں جہاں سڑکوںکی حالت ابترہے ،وہیں سڑکوں سے دھول جواٹھ رہی ہے اس سے لوگ کافی پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ سڑکوں پردن رات کمپنیوں کی گاڑیوں کے علاوہ نجی گاڑیاں دوڑتی ہیں لیکن سڑکوں کی مرمت اور ان پر تارکول بچھانے کے حوالے سے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرد و غبارسے دکانداروں کے ساتھ ساتھ سڑک کنارے بستیاں، سکول ودیگر ادارے میں کام کرنے والے لوگ کافی پریشان ہیں کیونکہ یہ گردہ نہ صرف دکانوں میں رکھے ہوئے سامان کو تباہ کر رہا ہے بلکہ لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر ان کیلئے پریشانی کا سبب بھی بن رہا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے کئی طرح کی بیماریاں بھی لگنے کا اندیشہ ہے لیکن حکام تماشاہی بنی ہوئی ہے ۔لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ سڑکوں پرپانی کاچھڑکائوبھی نہیں کیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کا کام تعمیراتی کمپنیوں کو کرانا تھا لیکن وہ اس جانب کوئی دھیان نہیں دے رہی ہیں اور اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ بالخصوص ضلع انتظامیہ رام بن سے اس جانب توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں کو اس مصیبت سے چھٹکارہ دینے کی اپیل کی۔
۔