بانہال // جموں سرینگر قومی پر واقع بانہال کے نوگام علاقے میں منگل کی صبح پیش آئے ٹرک کے ایک حادثے میںڈرائیور سمیت تین سوار شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بانہال ہسپتال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ یہ مال بردار ٹرک جموں سے سرینگر کی طرف آرہا تھا اور نوگام کے نزدیک نویگہ سڑک پوائنٹ کے مقام یہ سڑک سے تین سو فٹ لڑھک کر نیچے فورلین ٹنل کو تعمیر کرنے والی کمپنی نویگہ کے دفتر کے نزدیک جاگرا اور اس میں سوار تمام تین مسافر شدید زخمی ہوئے۔ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے کشمیر عظمی ٰکو بتایا کہ منگل کی صبح پیش آئے حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں، پولیس اور فوج نے بچاؤ کاروائیوں کا آغاز کیا اور تینوں زخمیوں کو فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال بانہال پہنچایا گیا جہاں سے تینوں کو بہتر اور مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی شناخت امجد علی ولد شیر علی ، شاہد ولد عبد الرشید ساکنان بن تالاب جموں اور ڈرائیور عبدالرزاق ولد عبد المجید ساکن کوٹرنکہ راجوری کے طور کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے کیس درج کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔