مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں لائی بنولہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 10برسوں سے مکمل نہیں کی جارہی ہے جبکہ محکمہ آب رسانی کی جانب سے علاقہ میں پہنچائی گئی مشینری بھی زنگ آلودہ ہوگئی ہے ۔مقامی لوگ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت برداشت کررہے ہیں ۔مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر کا عمل 2011میں شروع کیا گیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے گزشتہ دس برسوں سے وہ واٹر سپلائی سکیم کے مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین اور آفیسران ایک دہائی سے سرکاری خزانے سے سکیم کے نام پر فنڈز لے رہے ہیں تاہم زمینی سطح پر سکیم کے سلسلہ میں کوئی کام ہی نہیں ہوا ہے ۔علاقہ کے نائب سرپنچ سفار ش خان نے بتایا کہ محکمہ کے آفیسران ہر برس مارچ ماہ میں مذکورہ سکیم کا رخ کرتے ہوئے اور فنڈز ہڑپنے کیلئے کچھ پاپئیں نصب کر کے چلے جاتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ 31مار چ سے قبل فنڈز وگزار کروانے کے بعد بچائی گئی پاپئیں بھی غائب ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے اس وقت تک لوگ پریشان ہیں ۔نائب سرپنچ نے بتایا کہ علاقہ کی عوام بالخصوص خواتین کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لاتے ہیں تاہم مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ نام کیلئے محکمہ نے مشینری علاقہ میں پہنچائی ہوئی ہے تاہم مذکور ہ مشینری کھلے عام رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے اب وہ بھی زنگ آلودہ ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکیم کی تعمیر کے سلسلہ میں جانچ کروائی جائے جبکہ فنڈ میں کی گئی خرد بٰرد کیلئے بھی تحقیقات کروائی جائے ۔