مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھترال علاقہ میں کچھ نوجوانوں نے مبینہ طورپر دو بزرگوں کاراستہ روک کر ان کی شدید پٹائی کر دی جس کی وجہ سے ان کے بازوں میں فریکچر کیساتھ ساتھ دیگر چوٹیں بھی آئی تاہم پولیس نے مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔اس حملے میں زخمی ہونے والے بزرگوں کی شناخت محمد سلیمان اور ان کی زوجہ موتیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔محمد سلیمان کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد اور والدہ مویشیوں کو پانی پر لے جارہے تھے کہ اس دوران پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد قاسم کے بھائیوں نے ان پر جنگلاتی اراضی میں حملہ کر کے ان کو شدید زخمی کر دیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پولیس اے ایس آئی اور ان کے دیگر بھائیوں نے جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی طریقہ سے قبضہ کر کے عام راستے کو بند کر دیا ہے جبکہ ان کے والدین کیساتھ بھی مذکورہ جنگلاتی اراضی میں مار پٹائی کی گئی ۔بزرگوں کی پٹائی کی اطلاع ملتے ہی علاقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی جنہوں نے زخمیوں کو موقعہ سے اٹھا کر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا تاہم مینڈھر میں ڈاکٹروں نے ابتدائی مرحم پٹی کرنے کے بعد دونوں کو میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔