اجیت بھگت نے نوجوانوں کےلئے نوکریوں کا مطالبہ کیا
کشتواڑ //سینئر سماجی کارکن اجیت بھگت نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ”حکومت ہند کے لئے سنگین تشویش کا باعث ہونی چاہئے جس سے نمٹنے کےلئے سرکار کو ایک جامع پالیسی بنانی چاہئے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بے روزگار افراد کی تعداد کا پتہ لگانے کےلئے کئی سالوں سے ایک مہم چل رہی ہے جس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جموں وکشمیر میں پی ایچ ڈی اسکالرز ، ایم فل طلباءاور پوسٹ گریجویٹس سمیت اڈھائی لاکھ پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو محکمہ ملازمت کے ساتھ رجسٹرڈ کیا گیا تھااور ان کی رجسٹریشن کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی بڑی تعداد میں پڑے لکھے گریجویٹس اور انڈرگریجویٹس ہیں جنہوں نے محکمہ روزگار میں رجسٹریشن کا انتخاب نہیں کیا“۔لیکن حکام نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کےلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی ہیں ۔ بھگت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ”بڑھتی ہوئی منشیات کی لت ”کے پیچھے ایک اہم وجہ بے روزگاری ہے اور اس وجہ سے مناسب وقت پر شادیاں نہیں کی جاتی ہیں“۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری افسردگی کا بھی سبب بنتا ہے اور نوجوانوں کو منشیات کی لت کی طرف دھکیل دیتا ہے ۔ اجیت بھگت نے مرکزی سرکار سے بے روزگار نوجوانوں کےلئے ایک خصوصی ملازمت پالیسی تشکیل دینے پر زور دیا۔
سانبہ میں 10جولائی کو لوک عدالت
سانبہ // نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کی ہدایت پر جموں وکشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کی طرف سے 10 جولائی 2021 ءکو سانبہ کے ضلعی عدالت کمپلیکس میں ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جارہا ہے۔لوک عدالت کے دوران زیر التواءاور قبل از وقت مقدمات جن میں بینک ریکوری معاملات ، مزدوری کے تنازعات ، بجلی اور پانی کے بل ، متناسب ، سول ، مجرمانہ نوعیت کے فوجداری مقدمات ، این آئی ایکٹ ، چھوٹے چھوٹے جرائم ، زمین کے حصول کے معاملات ، ایم اے سی ٹی کے معاملات اور دیگر متعلقہ امور شامل ہیں پر سنیں جائیں گے ۔
نیشنل لوک عدالت میںاپنے مقدمات کی تفصیلات 28 جون 2021 تک یا اس سے پہلے پیش کرسکتے ہیں۔
کشتواڑ : عصمت دری معاملہ میں ملزم گرفتار
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے بدھ کو عصمت دری کے الزام میں ایک شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔
کشتواڑ پولیس کے مطابق تھانہ پولیس کشتواڑ کو ایک شخص کی طرف سے 15جون 2021کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اس کی نابالغ بچی جس کی عمر 13برس ہے کے ساتھ کامران نجاز کے ذریعہ زیادتی کی گئی ہے ۔یہ شکایات درج ہونے کے بعد تھانہ پولیس کشتواڑ نے ایک ایف آئی آر زیر نمبر 137/2021 زیر دفعہ 376/IPC&4درج کر کے تفتیش شروع کی ۔پولیس نے ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بٹ کی نگرانی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ٹیم نے تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے ملوث ملزم کی گرفتاری میں میں لائی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کے تفتیش جاری ہے ۔
پٹیالہ میں لوٹ مار اور توڑپھوڑ میںملوث 6افراد گرفتار
نوشہرہ جموںمیں ساتھی اہلکار کو مارنے والا سابق فوجی اہلکار بھی شامل
سرینگر//پولیس نے پیٹرول پمپ سے 15ہزار روپے لوٹنے اور توڑ پھوڑ کرنے میں ملوث 6افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں ایک سابق فوجی اہلکار بھی شامل ہے جس نے 2007میں نوشہرہ جموںمیں برادرکشی کے واقعہ میں ایک فوجی اہلکار کو مارا تھا۔ کے این ایس کے مطابق پٹیالہ سرہند روڑ پر ایک فلنگ سٹیشن پر 6افراد پر مشتمل ایک گروہ نے حملہ کرکے 15ہزار روپے نقدی لوٹ لی اور وہاں توڑ پھوڑ کرکے سیکورٹی گاڑی سے رائفل بھی چھین لی۔ ایس ایس پی سندیپ کمار گرک کاکہنا ہے کہ 6جون کو پیش آئے لوٹ مار ، رائفل اور نقدی اڑانے کے معاملہ پر پولیس نے کیس درج کرکے ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی کارروائی شروع کی۔ انہوںنے کہاکہ پولیس کی تلاش اس وقت کامیاب ہوئی جب تمام افراد کو گرفتار کیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ گرفتارکئے گئے افراد میں ایک سابق فوجی اہلکار ہربجھن سنگھ بھی شامل ہے جس نے2007میں نوشہرہ جموںوکشمیر میں تعیناتی کے دوران اپنے ایک ساتھی کو قتل کیاتھا اور اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ سابق فوجی اہلکار کو پٹیالہ سینٹرل جیل منتقل کیاگیا تھا جہاں اسے پیرول پر چھوڑا گیا۔ ایس ایس پی نے کہاکہ لوٹ کی اس واردات میں سرغنہ وشال کمار نے ہربجھن سنگھ اور دیگر 4افراد کے ساتھ مل کر گینگ بنائی اور ریاست کے مختلف مقامات پر لوٹ مار اور ڈاکے ڈالتے تھے۔