سرینگر// نئی دہلی میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے ساتھ جموں و کشمیر کی مین اسٹریم جماعتوں کے اجلاس سے ایک روز قبل بدھ کو لداخ میں سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے ایک گروپ نے مرکزی زیر انتظام والے علاقے میں قانون سازیہ کے علاوہ آئین کے چھٹے شیڈول کا مطالبہ کیا۔سابق سیاستدان تھوپستان چاگنک نے صحافیوں کو بتایا کہ گروپ ، جو بی جے پی اور کانگریس سمیت تقریبا تمام لیہہ نشین جماعتوں کا اتحاد ہے ، کے ایک اجلاس میں، جس میں ممبر پارلیمنٹ بھی شامل تھے، گروپ آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت مرکزی خطے کے تحفظ کے لئے تشکیل دیا گیاہے اور ماضی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے دو ملاقاتیں کرچکا ہے۔ وزیر اعظم نے کشمیری رہنماؤں کو بات چیت کے لئے مدعو کیا ہے اور جموں و کشمیر کے حوالے سے کچھ اہم فیصلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیش رفت کو مد نظر رکھتے ہوئے ، ہم چاہتے ہیں کہ لداخ کے زیر التواء مسائل کو بھی حل کیا جائے اور اس کے ساتھ ہی لداخ کے لوگوں کی زمینوں کی ملکیت ، ملازمت کے تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ ، ثقافتی تحفظ اور دیگر مشترکہ مفادات کے بارے میں پائے جانے والے خدشات کو بھی دور کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست ، 2019 کو لداخ کو جموں وکشمیر سے علیحدہ کرنے اور اسمبلی کے بغیر ہی مرکزی خطہ کا درجہ دینے کے بعد ، آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے کے تحت ضمانت کے تحفظ کے بغیر ، لوگ اپنے مستقبل کے بارے میں خوف زدہ ہیں۔سابق رکن اسمبلی نے کہا’’ مرکزی زیر انتظام علاقہ کی تشکیل کے بعد ، مقامی انتظامیہ کا کام امیدوں کے برابر نہیں تھا اور میٹنگ میں غور و خوض کے بعد ، ہمیں یہ ضرورت محسوس ہوئی کہ ہمیں اپنی اسمبلی میں قانون بنانے کا حق حاصل ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقہ کی حیثیت سے طویل التواء والے مطالبہ کی تکمیل کے باوجود ، لداخی عوام کی آرزوؤں کو ادھورا رکھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں تک کہ اگر مرکزی زیر انتظام علاقہ میں اسمبلی بنائی جاتی ہے وہ لداخ کے عوام کے مفاد میں ہوگی جبکہ آئین کے چھٹے شیڈول جیسے حفاظتی اقدامات کی بھی ضرورت ہے ، جن میں سے 95 فیصد مختلف قبائل سے تعلق رکھتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزارت داخلہ نے پہلے ہی اس گروپ کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا ہے لیکن ابھی یہ حتمی مرحلے میں نہیں پہنچ سکا ہے کیونکہ ابھی تک مرکز کے وزیر مملکت برائے داخلہ جی کے ریڈی کی سربراہی میں کمیٹی میں ممبروں کو نامزد نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس گروپ نے کرگل میں سماجی و مذہبی اور سیاسی گروہوں تک پہنچنے اور اگلے ماہ دہلی میں وزیر داخلہ کے ساتھ بات چیت کرنے کے لئے لداخ کے رکن پارلیمنٹ کی سربراہی میں اپنے پینل کو حتمی شکل دینے سے پہلے انہیں اعتمادمیں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔