کرناہ // جبڑی گلی کرناہ میں ایک سومو گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں5ماہ کا بچہ اور 90سالہ شہری جان بحق اور8 زخمی ہوگئے ۔سومو گاڑی زیر نمبر JK05B/8799جبڑی سے مسافروں کو لیگر ٹنگدار آرہی تھی کہ گاڑی جبڑی گلی کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر 200فٹ نیچے کھائی میں جاگر ی جس کے نتیجے میں 5ماہ کے کمسن بچے نذاکت علی سمیت 90سالہ صدر علی ساکنان جبڑی موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے ۔حادثہ کی خبر سنتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے بچائو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں سے 2 زخمیوں 30سالہ شمسہ بیگم زوجہ محمد یاسین اور 40سالہ محمد یاسین ولد محمد مسکین کو صدر ہسپتال سرینگرمنتقل کیا گیا جبکہ 6زخمیوںعابدہ بی بی، 10ماہ کا بچہ افان احمد ،28سالہ امتیاز احمد، 25سالہ مریدہ بیگم ،5سالہ اعیان امتیاز اور 25سالہ رضیہ بیگم کاعلاج ومعالجہ سب ضلع ہسپتال ٹنگڈار میں چل رہا ہے ۔کرناہ حادثہ میں لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کرناہ کے سیاسی سماجی اور ادبی تنظیموں نے زخمی افراد کے بہتر علاج ومعالجہ کا حکا م سے مطالبہ کیا ہے۔ اس دوران کمسن بچہ اور90سالہ شہری کی لاش آبائی گھر وں کوپہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اور خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں۔پولیس نے اس تعلق سے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔