نئی دہلی //یواین آئی//زرعی اصلاحات کے قوانین کے خلاف کسان دہلی کی سرحدوں پر ہفتہ کوٹریکٹر کے ساتھ مظاہرہ کریں گے ۔بھارتیہ کسان یونین نے اس کے لئے تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت کے مطابق کل کے احتجاجی مظاہرہ میں اترپردیش، ہریانہ، پنجاب اور دہلی کے کسان حصہ لیں گے ۔ اس احتجاج کے لئے اترپردیش سے کچھ کسان کل ہی ٹریکٹرکے ساتھ غازی پور کی سرحد پر واقع تحریک کے مقام پر روانہ ہوگئے تھے ۔غازی پور بارڈر سے ٹریکٹر ریلی کی ریہرسل پر کسان لیڈر راکیش ٹکیت کا کہنا ہے کہ ’’ریہرسل اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ 26 تاریخ نزدیک ہے۔ کسان 26 تاریخ کو کبھی نہیں بھولے گا۔ ہر مہینے 26 تاریخ ا?ئے گی، کسان ٹریکٹروں کی ریہرسل کرے گا۔ ٹریکٹر دہلی کا راستہ نہ بھول جائیں اس لیے ان کی ریہرسل کرنی پڑتی ہے۔‘‘مسٹر ٹکیت نے ایک بار پھر حکومت کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ماننے والی نہیں ہے ، اس کا علاج تو کرناپڑے گا۔ انہون نے کہا کہ کسان تنظیموں نے لمبی لڑائی کی تیاری کرلی ہے اوربرسات کے موسم کے پیش نظر تحریک کے مقام پر پختہ تعمیری کام بھی کرائے جارہے ہیں۔