سرینگر// وادی کشمیر میں 'جمعہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے ساتھ ہی جمعہ کے روزبڑی مساجد میں محراب و منبر گونجنے لگے تاہم مسلسل8ویں ہفتے بھی درگاہ حضرت بل ،جامع مسجد سرینگر،خانقاہ معلی میں نماز جمعہ کی ادائیگی نہیں ہوئی، تاہم 2ماہ کے بعد وادی اور جموں میں کاروبار مکمل طور پر بحال تھا جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی دیکھنے کو ملی۔گذشتہ قریب ایک ماہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود بھی 'ہفتہ وار بشمول جمعہ کے دن مکمل پابندیاں عائد رہتی تھیں ، تاہم کل جمعہ کے روز کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں رہی جس سے جہاں بازار کھلے رہے اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہی وہیں بیشتر علاقوں میں نماز جمعہ بھی ادا کی گئی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بھی کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں تھیں۔ نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کا اوقاف مارکیٹ بھی کھلا تھا لیکن جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی۔ درگاہ حضرت بل میں بھی نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی بلکہ مقامی لوگوں کے مطابق وہاں پولیس نے دکانیں بھی بند کرائیں۔ سری نگر کے بیشتر جامع مساجد میں نماز جمعہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کر کے ادا کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مساجد کے اندر سماجی دوری کا خیال رکھا گیا تھا اور نمازیوں نے فیس ماسک لگا رکھے تھے ۔وادی کے بیشتر اضلاع میں بھی جمعہ کے روز کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں رہی اور ضلع جامع مساجد میں کئی ہفتوں کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔