سرینگر //کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ جغرافیہ اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے سابق وائس چانسلر پروفیسر شاہ منظور عالم کی وفات پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ان کا انتقال 22جون کو حیدرآباد میں ہوا ۔اس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے جغرافیہ دانوں اور ماہرین تعلیم کے علاوہ فیکلٹی ممبران ، نان ٹیچنگ اسٹاف ، ریسرچ اسکالرز اور جامعہ کشمیر کے طلباء نے شرکت کی۔پروفیسر معراج الدین میر نے مرحوم پروفیسر عالم کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک قابل منتظم کے طور پر بیان کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالم نے جامعہ کشمیر کی تعمیر و ترقی میں بے حد تعاون دیا ہے ۔پروفیسر شمیم احمد شاہ ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف جیوگرافی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے پروفیسر عالم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف جغرافیائی مطالعات میں اہم شراکت کی بلکہ اس نے بطور کونسلر کشمیر یونیورسٹی میں ایک انمٹ نشان چھوڑ دیا۔اس موقع پر خطاب کرنے والے دیگر افراد میں پروفیسر ایم اشتیاق ، پروفیسر ایس سی رائے ،پروفیسر دیویندر ، ڈاکٹر اختر علی ، ڈاکٹر جاوید احمد اور ڈاکٹر شوت راشدشامل تھے ۔مرحوم پروفیسر شاہ منظور عالم کی صاحبزادی نے اپنے والد کی کشمیر سے وابستگی کے بارے میں بات کی اور تعزیت کے لئے محکمہ اور شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔