دیوار تلے دب کر نوجوان کی موت
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں ایک دلدوز حادثہ میں ایک نوجوان دب کرجابحق ہوگیا جس کی وجہ سے پورے علاقے میں مایوسی اور غم کا ماحول چھا گیا ۔تفصیلات کی مطابق محمد طارق ولد محمد فاروق عمر 22سال ساکن کھڑی کرماڑہ جو کہ دتہ شٹرنگ ہوس پر کام کرتا تھا جمعہ کے روز تقریبا ساڑھے چار بجے تیز ہوا چلنے کی وجہ سے ایک دیوار کے نیچے دب گیا ۔اس دوران وہاں موجود افراد نے بڑی مشکل سے اسے نکالا اور فوری طور ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس شخص کی موت سر میں چوٹ آنے سے ہوئی ہے۔اس دوران پولیس کو اطلاع دی گئی تو پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچی اور قانون کارروائی شروع کر دی۔بعد از آں لعش کا پوسٹ مارٹم کر کے اسے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔اس حادثہ کی وجہ سے پورے کھڑی میں صف ماتم بچھ گئی۔اس حادثہ کے دوران ایک اورنوجوان بھی زخمی ہوا ہے جس کا علاج ضلع ہسپتال میں جاری ہے ڈاکٹروں کے مطابق وہ خطرے سے باہر ہے۔
خواص کی پنچایت بڈھال میں پانی کی ہاہا کار | عام لوگ پریشان ،محکمہ آب رسانی ٹس سے مس نہیں
محمد بشارت
کوٹرنکہ //راجوری ضلع کے خواص بلاک کی کئی پنچایتوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں تاہم محکمہ آب رسانی کے ملازمین و آفیسران ابھی تک عوامی دقتوں کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔پنچایت بڈھال کی عوام نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 3ماہ سے علا قہ میں پانی کی سپلائی بند ہے جبکہ اس کی بحالی کیلئے انہوں نے متعلقہ آفیسران اور مقامی انتظامیہ سے بھی رجوع کیا لیکن ابھی تک ان کی مشکل کو حل نہیں کیاجاسکا ۔پنچایت کی وارڈ نمبر 2کے مقامی شخص جاوید اقبال چوہدری نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مکینوں کو در در کی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ ان کی پریشانی کو کم کرنے میں سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔محکمہ کی واٹر سپلائی سکیم اور ٹینک کی انتہائی خستہ حالی کی وجہ سے علاقہ کی خواتین کو میلوں سفر کرنا پڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گرمی کے اس موسم میں کئی قدرتی چشموں پر پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ اس کے باوجود بھی عوام کو سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے ۔عام لوگوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر جلدازجلد پانی کی سپلائی بحال نہیں کی گئی تو اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کیخلاف احتجاجی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔
پتراڑہ گائوں میں 15روز سے پانی بند
راجوری //تحصیل منجا کوٹ کے پتراڑہ گائوں میں 15روز سے پانی بند ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں کئی کنبے پانی کی قلت کی وجہ سے پریشان ہیں تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے سپلائی کی بحالی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ پتراڑہ گائوں میں سینکڑوں گھر آباد ہیں تاہم گزشتہ کئی روز سے پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ سے کئی مرتبہ رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک سپلائی کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے علاقہ میں بزرگ اور مریضوں کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ آب رسانی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ گائوں میں پانی کی سپلائی بحال ہو سکے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ پمپنگ سٹیشن پر نصب کردہ ٹرانسفارمر میں آئی تکنیکی خرابی کی وجہ سے کچھ دن سپلائی میں خلل آیا تاہم اب مین سپلائی لائن کو منتقل کیا جارہا ہے اور جلد ہی پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔
۔3برسوں سے پانی کی پائپ لائن مرمت نہ ہو سکی | پنچایتی اراکین و عوام محکمہ پی ایچ ای سے خفا
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے نیلی گائوں میں 3برس قبل پانی کی سپلائی لائن ٹوٹنے کی وجہ سے بند ہو ئی سپلائی کو آج تک بحال نہیں کیاجاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں قدرتی چشموں اور نالوں سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے محکمہ آب رسانی کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ 3برس قبل ڈھائی کلو میٹر علاقہ میں سپلائی لائن ٹوٹ گئی تھی تاہم ابھی تک محکمہ کی جانب سے مذکورہ سپلائی لائن کی مرمت نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے علاقہ کی 2ہزار کے قریب آبادی کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ کچھ وارڈوں میں پانی سپلائی ہوسکتا ہے لیکن محکمہ کے ملازمین لاپرواہی کی وجہ سے ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے پوری سپلائی بند ہو گئی ہے ۔پنچایتی اراکین اور عام لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔
کوٹرنکہ میں ٹرانسپورٹروں کی لوٹ کھسوٹ | رابطہ سڑکوں پر مسافر بسیں چلانے کی مانگ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹروں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے لگ بھگ سبھی روٹوں پر چل رہی چھوٹی مسافر گاڑیوں کے ڈرائیور اس وقت اضافہ کرایہ وصول کررہے ہیںجبکہ کرایہ کے سلسلہ میں انتظامیہ کی جانب سے جاری کر دہ قاعدہ کر یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے مندر گالہ ،دراج ،سموٹ ،ترگائیں ودیگر علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر ڈرائیوروں کی لوٹ کھسوٹ مسلسل جاری ہے جبکہ متعلقہ محکمہ او ر مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گاڑیوں میں اور لوڈنگ کرنے کیساتھ ساتھ اضافہ کرایہ بھی وصول کیا کارہاہے ۔مسافروں نے جموں وکشمیر انتظامیہ کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ رابطہ سڑکوں پر مسافر بسیں چلائی جائیں تاکہ غریبوں کو سہولیات مل سکیں ۔
سرنکوٹ میں آندھی و شدید ژالہ باری سے فصلیں تباہ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے متعدد پہاڑی علاقوں میں آئی آندھی اور شدید ژالہ باری کی وجہ سے فصلیں اور میوہ جات تباہ ہو گیا ہے ۔کسانوں نے بتایا کہ متعدد علاقوں میں اچانک آئی آندھی اور شدید ژالہ باری کی وجہ سے ان کی حال ہی میں بوائی کی گئی فصلیں ،تیار شدہ میوہ جات اور سبزیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں ۔غو ر طلب ہے کہ خطہ پیر پنچا ل کے اکثر علاقوں میں رواں برس ہوئی شدید ژالہ باری کی وجہ سے کسانوں و عام مکینوں کا نقصان ہوا ہے ۔دونوں سرحدی اضلاع کے متعدد علاقوں میں گزشتہ دنوں کئی مرتبہ ژالہ باری ہوئی ہے ۔سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں گزشتہ روز شام پانچ بجے کے قریب ہوئی ژالہ باری کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی ۔کسانوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہاڑی ،ڈوڈھوی ،رجاڑہ ،مڑہوٹ ودیگر علاقوں میں ہوئی شدید ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے محکمہ مال او ر محکمہ باغبانی کی ٹیمیں متحرک کر کے علاقہ میں بھیجی جائیں اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنا گزر بسر کرسکیں ۔
آل انڈیا بیکورڈ کلاسز یونین کا اجلاس منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر //آل انڈیا بیکورڈ کلاسز یونین ضلع پونچھ کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تنظیم کے اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے مذکورہ طبقہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ اس دوران سابقہ وزیر عظم وی پی سنگھ کر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔اراکین نے کہاکہ سابقہ وزیر عظم نے او بی سی تنظیم کو فعال کیا اور سینٹر میں 27فیصدریزرویشن طبقہ کو دلانے میں اہم رول ادا کیا جبکہ موصوف کے مذکورہ قدم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔اجلاس کے دوران اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقہ جات کی پریشانیوں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہاہے ۔انہوںنے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے جموں وکشمیر میں یہ سب سے بڑی تنظیم ہے لیکن وزیر اعظم کی جانب سے منعقدہ آل پارٹی میٹنگ میں پسماندہ طبقہ جات کو نمائندگی ہی نہیں دی گئی ۔اجلاس میں عبدالرزاق قریشی ضلع صدر،محمد بشیر مغل،کبیر حسین،محمدرشیدمغل ،حاجی محمد حنیف،ایڈووکیٹ محموداحمد ،محمد عیاض قریشی، محمد رشید ،حاجی محمدشبیرویگران بی موجود تھے ۔
ماب لنچنگ کیخلاف پولیس کی کاررائی قابل ستائش : قاسمی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی کے امام و خطیب مولانا مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی نے جموں وکشمیر پولیس تعریف کرتے ہوئے کہاکہ قتل معاملہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری قابل تعریف ہے تاہم انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ قتل ہوئے نوجوان کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے ۔مفتی موصوف نے کہاکہ وقت گذرنے کیساتھ معاملہ رفع دفع قطعاً نہ کیا جائے بلکہ اس قتل میں شامل تمام مجرموں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو سخت اور کڑی سزا دی جائے اور آئندہ کیلئے ان کو نشان عبرت بنا کر ایک مثال قائم کی جائے تاکہ کوئی بھی سماج و انسان دشمن شخص کسی پر ہاتھ اٹھانے سے پہلے ہزار مرتبہ سوچنے پر مجبور ہو ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مقتول اعجاز کے مفلوج والد ، والدہ اور معصوم بہنوں کا بطور خاص دھیان رکھا جائے اور انکی اشک شوئی اور دلجوئی کیلئے جو بھی مؤثر طریقہ ہو اسے ضرور اپنایا جائے۔موصوف نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماج دشمن عناصر سے ہو شیار رہیں اور اس سلسلہ میں صبر و تحمل سے کام لیں ۔
مقتول اعجاز ڈار کے قاتلوں کوسخت سزا دی جائے:مولانا غلام قادر
پونچھ//راجوری مرادپور موب لنچنگ معاملہ میں نوجوان اعجاز احمد ڈار ولد محمد افضل ڈار کے بہیمانہ قتل کی ہر سو مذمت ہورہی ہے جس طرح سے ایک بے قصور نوجوان کو محض بھینس لے جانے کی پاداش میں سرعام قتل کردیا گیا ۔ا س سلسلہ میں جمعیۃ علما ہند کے قومی صدر مولانا سید محمود مدنی نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس کی مفصل رپورٹ طلب کی ہے جس کو مقامی یونٹ کے ذریعہ ارسال کردیا گیا ہے ۔مولانا موصوف نے اس سلسلہ میں جمعیۃ علما ہند کے رکن مجلس عاملہ و مہتمم جامعہ ضیا العلوم پونچھ مولانا غلام قادر سے بھی مفصل بات کی اور اس واقعہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ بہر صورت ہر مظلوم کیساتھ کھڑے ہونگے خواہ وہ کسی بھی رنگ یا نسل سے ہو اس موقعہ پر مولانا غلام قادر نے صدر کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔جمعیۃ علماء ہند کی بلا امتیاز انسانی خدمات ناقابل فراموش ہیں جب جب بھی اور جہاں بھی مصیبت زدہ افراد ہوتے ہیں جمعیۃ نے ہر ممکن مدد کی ہے۔ مولانا محمود مدنی نے اس مظلوم کنبہ کی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور اپیل کی کہ مشکل حالات میں بھی اپنے روایتی بھائی چارے کو قائم رکھیں اور ملک و ملت کی سلامتی کیلئے مل جل کر رہیں تاکہ ایسے سازشی عناصر کو ناکام بنا بنایاجائے۔ مولانا نے مقامی اکثریتی مسلم برادری کے صبر و تحمل کی بھی ستائش کی جنہوں اس دردناک صورتحال پر بھی اپنے ضبط کو قائم رکھا ۔مولانا غلام قادر نے بھی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت و مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور انصاف فراہم کرنے میں تاخیر نہ کرے اور سرکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مظلوم کنبہ کی بھر پور مالی معاونت بھی کرے۔
راجوری ،پونچھ میں کووڈ کے 27نئے کیس درج
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں گزشتہ روز کووڈ کے 27نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ اس دوران دونوں اضلاع کے مختلف علا قوں و طبی مراکز میں کووڈ کی جانچ کیساتھ ساتھ ویکسین کی مہم بھی جاری ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرحدی ضلع پونچھ میںمحکمہ صحت کی جانب سے شروع کر دہ ٹیسٹنگ مہم کے دوران 17نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ راجوری ضلع میں 11نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تمام نئے کیس متعلقہ حکام کی جانب سے کی جارہی ٹیسٹنگ کے دوران سامنے آئے ہیں جبکہ دونوں اضلاع میں ویکسین لگانے کی مہم مسلسل جاری رکھی گئی ہے ۔انتظامیہ نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو ختم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔
نوشہرہ میں منشیات پر فوج کا بیدار پروگرام
راجوری //گور نمنٹ مڈل سکول نوشہرہ میں فوج کی جانب سے منشیات کے مضر اثرات پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔کلال راشٹریہ رائفل کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں مقامی پنچایتی اراکین اور علاقہ کے معززین کیساتھ ساتھ فوجی آفیسران نے بھی شرکت کی ۔منتظمین نے شرکا کو منشیات کے مضر اثرات کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ سماج سے مذکورہ مضر اشیاء کو باہر کرنے کیلئے ہر ایک فرد کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔فوجی ماہرین نے منشیات کے استعمال کو روکنے کیلئے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے نوجوان طبقہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ منشیات سے دور رہیں تاکہ سماج کو بچایا جاسکے ۔
گلپور ا۔ پونی دھڑہ سڑک کاتعمیراتی کام 5برسوں سے التواء کا شکار
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ صدر مقام سے چند ہی کلو میٹر کی دوری پر واقع گاؤںگلپور تا پونی دھڑہ چند کلو میٹر سڑک کاتعمیراتی کام گذشتہ پانچ سالوں سے التواء کا شکار ہے۔ سڑک کی عدم تکمیل سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لوگوں کا کہا ہے کہ اس سڑک کی تعمیرات میں کئی ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیئے گئے ہیں جو کام تو شروع کر دیتے ہیں لیکن بیچ میں ہی غائب ہوجاتے ہیں ۔گلپور پونی دھڑ وارڈ نمبر 5کے عبدالغنی نامی معروف سیاسی و سماجی کارکن نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گلپور تا پونی دھڑہ چند کلو میٹر سڑک گذشتہ 5 سالوں میں نہ تو بن سکی اور نہ ہی اس کی پختگی ہو سکی ۔انھوں نے کہا ٹھیکیداروں نے سڑک کا کام انتہائی سست روی سے شروع کر رکھا ہے جس سے بارشوں میں عوام علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سڑک پر جو کام ہو رہا ہے اس میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا جا رہا ہے جس سے سڑک پختہ ہونے کے کچھ ہی عرصہ میں بارشوں میں بہہ جانے کا خدشہ ہے ۔انھوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران کی ملی بھگت سے ٹھیکیدار من مرضی سے کام کرتے ہیں اور ان پر محکمہ کی جانب سے نہ ہی کام کا میعار اور میٹریل چیک کیا جاتا ہے جس سے تعمیر ی کام ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے افسران اور ضلع ترقیاتی کمشنر کی متعدد بار اس جانب توجہ مبزول کروائی گئی مگر کوئی شنوائی نہ ہو سکی ۔انھوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں خدا راہ اس سڑک جسکو کئی سال لگ گئے کو فوری بہتر انداز میں بنوانے کیلئے محکمہ کو احکامات جاری کریں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔
ریاست کا درجہ بحال کرنے کی مانگ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// پردیش کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری اورضلع ترقیاتی کونسل رکن سرنکوٹ شاہنواز چوہدری نے مرکزی حکومت سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آئینی ضمانت کیساتھ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیا جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں موصوف نے کہاکہ جموں و کشمیر کو دو خطوں میں تقسیم کرنا اور خصوصی حیثیت کا خاتمہ غیر آئینی اور جمہوری عمل پر براہ راست حملہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی بحالی کے بعد حکومت کو اسمبلی انتخابات کا اعلان کرنا چاہئے تاکہ لوگ اسمبلی میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کی جانب سے 2019میں اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بے روز گار ہوئی ہے جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بے روز گاری کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔انہوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کا ریاست کا درجہ جلد از جلدبحال کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔