مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے جگال تا کلیاں 7کلو میٹر سڑک گزشتہ 12برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے علاقہ میں 3پنچایتوں میں آباد ہزاروں کی آبادی دوران آمد ورفت متاثر ہورہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے حکام کی جانب سے بارہ برس قبل سڑک کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن زمینی کٹائی اور بجری بچھانے کے بعد متعلقہ محکمہ نے سڑک کو یوں ہی چھوڑ دیا جس کی وجہ سے اب سڑک میں کھڈے پڑ گئے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک کی نالیوں کےساتھ ساتھ دیگر تعمیرات کو بھی نظر انداز کردیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے رویہ سے تنگ آکر خود ہی پیسے جمع کر کے ’اپنی مدد آپ ‘کے تحت سڑک کی مرمت کا عمل شروع کروایا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر اور مرمت کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور مقامی انتظامیہ سے رجوع کیا تاہم ہمیشہ یقین دہانیوں کے بعد عملی اقدامات نہ اٹھانے کی وجہ سے تنگ آکر انہوں نے خود ہی مرمتی کام کرنے کا پلان مرتب کیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کےلئے مذکورہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کروایا جائے تاکہ ان کی پریشانی کم ہو سکیں ۔