نئی دہلی//پیچیدہ مسئلہ کشمیر کوحل کرنے کےلئے پندہ سابق آئی پی ایس پولیس افسروں نے ایک مکتوب میں وزیراعظم کی جموں کشمیرکے سیاسی رہنماﺅں سے بات چیت کرنے کے اقدام کی ستائش کرتے ہوئے حکومت کی اس پہل کو” فیصلہ کن اور حوصلہ مند “قرار دیاہے۔ دس دستخط کنندگان جوریاست کے پولیس سربراہ رہے ہیں،نے کہا کہ کشمیر کاوفاق ہند کے ساتھ انضمام 1950میں آئین ہند کی تشکیل سے لیکر نامکمل کام ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے سات برس قبل معرض وجود میں آنے کے بعد سے ،حکومت کی ”فیصلہ کن اور جرات مندانہ“ کوششیں نظرآرہی ہیں تاکہ پیچیدہ مسئلہ کشمیرکوحل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان برسوں کے دوران مودی حکومت نے جو مسئلہ کشمیرکوحل کرنے کی کوششیں کی ہیں،وہ قوم کےلئے باعث فخر ہیں۔مکتوب میں انہوں نے مزیدلکھا ہے کہ دفعہ370کو ختم کرنے اور35Aکو ختم کرنے کوموثر طور نافذالعمل لایا گیااوراس دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تاکہ کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اب کشمیر کے لوگ فخر کے ساتھ خودکو بھارتی کہہ سکتے ہیں اور بھارت کی طرف سے اپنے شہریوں کو دی جارہی سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔