سوپور کا طالب علم جی ایم سی چندی گڑھ ہوسٹل میں مردہ پایا گیا
غلام محمد
سوپور//بومئی سوپورسے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم چندی گڑھ میںاپنے ہوسٹل کے کمرے میںمردہ پایا گیا ۔ مہلوک نوجوان کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ نوجوان کی موت ایک قتل ہوسکتاہے جسکی تحقیقات کی جانی چاہیے۔ بومئی کے 22سالہ نوجوان عامر حسین میر بی ایس سی نرسنگ کا طلاب علم تھاجو گورنمنٹ میڈیکل کالج چندی گڑھ میں انٹرنس شپ کررہا تھا۔انہیں جی ایم سی ہوسٹل میں مردہ حالت میں پایا گیا ۔ اس معاملے میں مہلوک طالب علم کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ اس کا قتل کیا گیا ہے ۔اسکے چچیرے بھائی نذیر احمد نے کہا کہ انہیں اس واقعہ پر قتل کا شبہ ہے کیونکہ واقعہ رونما ہونے کے وقت کالج کے 2سابق طالب علم ، جنہوں کالج چھوڑ دیا ہے ، وہاں موجود تھے۔ اہلخانہ نے لیفٹیننٹ گورنر سرکارسے اپیل کی ہے کہ وہ پنچاب سرکار سے یہ معاملہ اُٹھائے اور اس کی تحقیقات کرائیں۔اہلخانہ نے متعلقہ پولیس سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے میں کیس درج کرکے معاملے کی چھان بین کریں۔ اسی دوران جونہی اتوار کو مہلوک نوجوان کی نعش علاقے میں پہنچائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی اور وہاں ہر طرف رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو مل رہے تھے ۔
کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزیاں
۔7312افراد سے 9لاکھ80ہزار سے زیادہ جرمانہ وصول
سرینگر//کوروناوائرس کی دوسری لہر کاتوڑ کرنے کےلئے پولیس کی مہم جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے دوافراد کو گرفتار کرکے ایک ایف آئی آر درج کیا ہے جبکہ 7312افراد جنہوں نے کووِڈ- 19گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی تھی،سے وادی بھر میں 989590 روپے جرمانہ وصول کیا گیا،اس دوران شوپیان میں کورونا رہنماخطوط کو توڑنے کی پاداش میں 10گاڑیوں کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس بیان کے مطابق وادی بھر میں کوورونا وائرس کی عالمگیر وباءکو قابوکرنے کےلئے پولیس کی مہم جاری رہے گی اور کووِڈ رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباءسے اپنے آپ اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کےلئے کووِڈ گائیڈ لائنز کی مکمل پاسداری کریں ۔
ڈپٹی کمشنر اورنائب چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کپوارہ کالولاب دورہ
ٹیکہ کاری مراکز کامعائنہ،صد فیصد ہدف کے حصول کےلئے اقدامات پر غور
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کونسل کپوارہ کے نائب چیئرمین فاروق احمد میر اور ڈپٹی کمشنر کپواہ امام الدین نے اتوار کو لولاب سب ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے جاری کوروناٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے متعدد ٹیکہ کاری مراکز جو سب ضلع اسپتال سوگام،واوورہ،میدان پورہ اور کھرہامہ میں قائم کئے گئے ہیں،کامعائنہ کیا۔مابعد ڈپٹی کمشنر نے ضلع اسپتال ہندوارہ ،اچر، ماگام، ودپورہ،اور دیگر مقامات پرٹیکہ کاری مراکز کامعائنہ کیا ۔ان کے ہمراہ چیف میڈیکل افسر کپوارہ اور دیگر افسربھی تھے۔نتنوسہ کے پنچایت گھر میں ڈپٹی کمشنر نے حکام کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ٹیکہ کاری عمل میں سرعت لانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرنے ضلع میں ٹیکہ کاری کی موجودہ رفتار پراطمینان کااظہار کیااور حکام پرزوردیا کہ وہ ضلع میں صد فیصد ٹیکہ کاری کا ہدف پورا کرنے کےلئے لگن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کوہدایت دی کہ وہ ٹیکہ کاری عمل کے دوران اپنے مقامات پر دستیاب رہیں اوراپنی سرگرمیوں کی تصاویرجیوٹیگنگ کے ساتھ ان کے دفتر میں داخل کریں۔اس دوران چیف میڈیکل افسر کپوارہ نے کہا کہ ضلع میں سنیچروار تک189478ٹیکے پہلی خوراک کے طور دیئے گئے جبکہ21431ٹیکے دوسری خوراک کے طور دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو ضلع میں 15000ٹیکے ِٹیکہ کاری کےلئے دستیاب رکھے گئے تھے جن میں سے اتوار چار بجے تک دس ہزار سے زیادہ ٹیکے لوگوں کو لگائے گئے تھے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
کولگام میں دوافراد گرفتار،ایک کوئنٹل خشخاش پوست برآمد
سرینگر// پولیس نے کولگام میں دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کوئنٹل خشخاش پوست برآمد کیا ہے۔کولگام تھانہ نے اوکے علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک آلٹوگاڑی زیر نمبر JK18-9565 کو رو ک لیااورتلاشی کے دوران گاڑی سے ایک کوئنٹل خشخاش پوست کا بھوسہ برآمد کرلیا۔ گاڑی میں دو افراد سوار تھے جن کی شناخت شاہد احمد زرگر اور رفیق احمد بٹ ساکنان اوکے کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے ایک اور شخص کی شمولیت کا انکشاف کیا جس کی شناخت محمد اسحاق شیخ ساکن اوکے کولگام کے نام سے ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران اوکے میں محمد اسحاق شیخ کے مکان پر چھاپہ مارا گیااور مذکورہ مکان سے خشخاش پوست پیسنے والی دو مشینیں ، ایک ڈیجیٹل وزن کرنے والی مشین اور ایک جنریٹر برآمد کیا گیا۔ تاہم ملزم گرفتاری سے روپوش ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔
عمر رسیدہ شہری پر حملہ
گوپال پورہ میں14ہزار اورموبائل لوٹ لیا
ارشاد احمد
بڈگام//گوپال پورہ چاڈورہ میں ایک عمر رسیدہ شخص پر حملہ کرکے اس سے 14ہزار روپئے نقدی اور موبائل فون لوٹنے کے خلاف مقامی لوگوں نے سرینگر چاڈورہ شاہراہ پر احتجاج کیا۔ایک مقامی شہری سید بشیر احمد کے مطابق گوپال پورہ میں ایک دوکان سے اشیائے خوردنی خریدنے کے بعد مذکورہ شہری گھر جارہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے اس سے نقدی 14ہزار اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔مقامی لوگوں نے مذکورہ شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جو اس سے قبل بھی کئی واردات میں ملوث رہا ہے۔پولیس نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میںکیس زیر نمبر 97/2021درج کیا گیا ۔
سنٹرل یونیورسٹی کا پروفیسر شاہد رسول کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر// سنیٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر ، اسٹاف اورکنورجنٹ جرنلزم کے طلباءنے تجربہ کار ریاضی دان پروفیسر اعجاز العظیم کے برادر نسبتی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ ڈین اسکول آف میڈیا اسٹڈیز سی یو کے پروفیسر (ڈاکٹر) شاہد رسول اور ڈاکٹر سلیمہ جان ، ڈائریکٹر ای ایم ایم آر سی کے یو،وائس چانسلر سی یو کے نے ڈاکٹر سلیمہ جان اور پروفیسر شاہد رسول کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور پروفیسر عزیز کو ریاضی میں ایک رفاقت ، ایک نیک شخص اور سرشار استاد قرار دیا۔ایچ ڈی ڈی سی جے ڈاکٹر عارف نذیر ، دیگر عملے کے ممبران اور طلباءنے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ۔
سرکردہ ریاضی دان پروفیسر عزیز العظیم فوت
پروفیسر طلعت اورپروفیسر معراج الدین میرکا اظہار تعزیت
سرینگر// وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد نے اتوار کو پروفیسر عزیز العظیم سابق ڈین اکیڈمکس اور شعبہ ریاضی کے صدرکے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔وائس چانسلر ، رجسٹرار ڈاکٹر نثار اے میر ، ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر شبیر اے بٹ اور یونیورسٹی کے دیگر سینئر عہدیداروں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔پروفیسر عزیز العظیم ایک ممتاز ریاضی دان تھے جنہوں نے یونیورسٹی کی ترقی اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔پروفیسر عزیز العظیم عالمی سطح پر’عزیز تھیوریم‘ کے لئے جانے جاتے تھے ۔موصوف ڈاکٹر سلیمہ جان ڈائریکٹر ای ایم ایم آر سی اور میڈیا ایڈوائزر کشمیر یونیورسٹی کے بھائی اور پروفیسر شاہد رسول کے برادر نسبتی تھے۔وائس چانسلر ، رجسٹرار اور دیگر اعلیٰ افسران نے غم کی اس گھڑی میں ڈاکٹر سلیمہ اور پروفیسر شاہد رسول کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یکجہتی کیا۔سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرمعراج الدین میر ،عملہ اور محکمہ کنورجنٹ جرنلزم کے طلباءنے بھی تجربہ کار ریاضی دان پروفیسر عزیز العظیم کے انتقال پرڈین اسکول آف میڈیا اسٹڈیز کے سربراہ پروفیسر (ڈاکٹر) شاہد رسول اور ڈاکٹر سلیمہ جان ، ڈائریکٹر ای ایم ایم آر سی کشمیر یونیورسٹی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
محمد اشرف میر کا اظہار تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر نے پارٹی کے ضلع سیکریٹری سرینگر نوید احمد میر کے چچا محمد سلطان خان ساکن کھنموہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں میر نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم شریف نفس، نیک سیرت اور خوش اخلاق شخص تھے۔ انہوں نے کہا ”میں غمزدہ کنبہ بالخصوص نوید احمد کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں“۔پارٹی لیڈر شپ نے بھی مشترکہ طور مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی ہے۔
انجمن علماءو ائمہ مساجد کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن علماءو ائمہ مساجد نے معروف تاجر حاجی غلام محی الدین ساکن اننت ناگ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انجمن کے سرپرست اعلیٰ مفتی محمد قاسم قاسمی امام وخطیب جامع مسجد شریف کولگام اور امیرحافظ عبد الرحمن اشرفی نے سوگوار کنبے سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم اہل مدارس کے بہت قدردان تھے ۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
عرس مبارک حضرت سید محمد امین منطقی ؒ پر انتظامات کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے حضرت سید محمد امین اویسی منطقی کے عرس پر عالی کدل میں خاطر خواہ انتظامات میسررکھنے کی اپیل کی۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ زائرین کی سہولیات کےلئے تمام اقدامات خاص کر بغیر خلل بجلی ،پینے کا صاف پانی اور صحت و صفائی کے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عقیدت مندووں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔