مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل ممبر منکوٹ چوہدری عمران ظفر نے منکوٹ کے اپراور لوہرچھجلہ پنچایتوںکا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔اس دوران موصوف نے پنچایت میں لوگوں کو درپیش مسائل کا بغور جائزہ لیا جبکہ مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کونسل رکن کو علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ،سڑک کی خستہ حالی ،بجلی نظام کے مفلوج ہونے کےساتھ ساتھ دیگر مسائل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ ترسیلی لائنیں سبز درختوں کےساتھ ساتھ لکڑی کے کھمبوں کےساتھ باندھی گئی ہیں جوکہ عام لوگوں کےلئے ایک بڑا خطرہ بھی ہیں ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی بھی معیاری نہیں ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان بھی نہیں دیاجارہا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل رکن نے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ان کو یقین دلایا کہ مشکلات کو حل کرنے کےلئے متعلقہ حکام کےساتھ بات چیت کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرروانا ان کی اولین ترجیحا ت میں شامل ہے ۔