سرینگر///جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی ، اپنی پارٹی، پیپلز کانفرنس،پی ڈی ایف، بھاجپا سمیت متعدد سیاسی جماعتوں نے ہاری پاری گام ترال میں ایس پی او ، اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ ترال میں ایس او پی اور اسکی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس انسانیت سوز حرکت کی مذمت کی جاتی ہے اور یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ جو بھی اس میںملوث ہونگے ان کو جلد ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدرعمر عبداللہ نے ہلاکتوں پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کوانسانیت سوز قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تشدد کی کوئی بھی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔لیڈران کہا کہ اس حملے سے مرکزی حکومت کے وہ دعوے بھی سراب ثابت ہو جاتے ہیں جو 5 اگست 2019 کے فیصلوں کے بارے مسلسل کئے جا رہے ہیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر حسنین مسعودی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مارے گئے افراد کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی ترال حملے کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کی ہے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ اس بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ۔محبوبہ مفتی نے دعاکی کہ اللہ مرحومین کوجنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورغمزدہ لواحقین کویہ صدمہ برداشت کرنے کیلئے صبرجمیل عطاکرے ۔ اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہارکرتے ہوئے اِن ہلاکتوں کو جگرسوز اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہاکہ ’’اِن ہلاکتوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کی مشکلات میں صرف اضافہ کیا ہے، میں نے ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ کسی بھی شدت پسند نظریہ کے حامی تشدد نے دنیا میں کسی بھی صورت میں تشدد قابل ِ قبول نہیں اور اِس نے مہذب سماج کے لئے کبھی اچھا نہیں کیا‘‘۔ انہوں نے حکومت ِ جموں وکشمیر سے گذارش کی ہے کہ حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور ایسے حملوں کی روکتھام کے لئے سبھی ضروری اقدامات لئے جائیں۔پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لوں نے کہاکہ ہلاکتوں کی خبریں کافی تکلیف دہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملوثین اورقصوروار تشددکے علمبردار ہیں ۔پی ڈی پی لیڈر اور سٹیٹ یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے اونتی پور اور بربرشاہ ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تشددکیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ 3دہائیوں میں شاید ہی کوئی ایسا دن گزر ا ہو جب ہلاکتیں نہ ہوئیں ہوں، کنبے یتیم ہوجاتے ہیں اور یہ ہمیں کہیں کی طرف نہیں لے جاتے اور اس کاکسی بھی قیمت پر خاتمہ ہونا چاہئے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سربراہ حکیم محمد یاسین نے ایس پی او، اس کی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ بھاجپاکی جموںوکشمیرشاخ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے ایک ہی کنبے کے تین افرادکی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ’’ اونتی پورہ میں واردات انجام دینے والے دہشت گردہیں‘‘ ۔انہوں نے غمزدہ خاندان کیساتھ ہمدردی اورتعزیت کااظہار کرتے ہوئے پولیس حکام پرزوردیاکہ ملوثین کوجلدسے جلدکیفرکردارتک پہنچایا جائے ۔