اسلام آباد//پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اُس قت تک سفارتی تعلقات بحال نہیں کرے گا جب تک نہ بھارت جموں کشمیرکاخصوصی درجہ چھیننے کا فیصلہ واپس نہ لے۔عمران خان نے پاکستان کی قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات واضح کرناچاہتا ہوں کہ بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات اُس وقت تک استوار نہیں ہوں گے جب تک نہ بھارت 5اگست2019کاغیرقانونی اقدام واپس نہیں لے گا۔خان نے کہا کہ پورا پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی پشت پر کھڑا ہے۔ان کا یہ بیان اُن اطلاعات کے دوران سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان درپردہ مذاکرات ہورہے ہیں جن کے نتیجے میں ہی فروری میں دونوں ملک جنگ بندی پر آمادہ ہوگئے تاہم حالات کو معمول پر لانے کیلئے مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کادرجہ گھٹا یاہے اور بھارت کی طرف سے جموں کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کئے جانے کے فیصلے کے بعد نئی دہلی کے ساتھ تجارت معطل کردی۔اس دوران پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارت کے وزیر مملکت جی کشن ریڈی کا یہ بیان رد کیا ہے جس میں جموں کشمیرمیں حالیہ ڈرون حملوں میں پاکستان کے رول کو خار ج ازامکان قرار نہیں دیاتھا۔