منجا کوٹ //خطہ پیر پنچال کے دیگر حصوں کی ہی طرح منجا کوٹ تحصیل میں مواصلاتی کمپنیوں کی غیر معیاری سروس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ سب ڈویژن میں بی ایس این ایل کے ساتھ ساتھ دیگر مواصلاقی کمپنیوں کی جانب سے غیر معیاری سروس فراہم کی جارہی ہے تاہم اس سلسلہ میں ابھی تک ضلع انتظامیہ نے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ انٹر نیٹ سروس بھی متاثر ہو گئی ۔غور طلب ہے کہ سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ سپیڈ انتہائی کم ہونے کیساتھ ساتھ فون کالز میں بھی تکنیکی طورپر خرابی آئی ہوئی ہے لیکن ابھی تک اس متاثرہ نظام کو درست نہیں کیا گیا ہے ۔صارفین نے جموںوکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں سرحدی اضلاع میں سروس کو معیاری بنانے کیلئے مواصلاتی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔