کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں بیشتر سڑکیں نامکمل ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں سڑک نظام کو بہتر بنایا ہی نہیں گیا جس کی وجہ سے لگ بھگ سبھی سڑکیں کھڈوں میں تبدیل ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک رابطہ سڑکیں برسوں بعد بھی نامکمل ہیں جبکہ ان سڑکوں کے ملحقہ علاقوں میں رہائشی لوگوں کی زمینیں اور رہائشی مکانات بھی تباہ ہو رہے ہیں ۔جمولہ اور کھاہ کے لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کھاہ جمولہ پنڈی سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے وہ عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکام نے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی سڑکوں کو آمد ورفت کیلئے معیاری نہیں بنایا ہے ۔محمد فرید احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ برساتی موسم شروع ہوتے ہی سڑک تالاب بننا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک کے ارد گرد حفاظتی باندھ و نالیوں کا کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زمینیں تباہ ہورہی ہیں ۔وہائیں کوٹرنکہ سے خواص 30کلو میٹر سڑک گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حال ہی پڑی ہوئی ہے ۔اسی طرح دیگر دیہات میں جانے والی رابطہ سڑکیں بدحالی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور اور مالکان بھی کئی طرح کے مسائل کا سامناکررہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کو جلدازجلد معیاری بنایا جائے تاکہ مسافروں کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔