تھنہ منڈی //راجوری تھنہ منڈی ،بفلیاز سڑک پر تعمیراتی عمل کے دوران ملبہ سڑک پر ہی ڈالنے سے مسافرکئی گھنٹوں تک جام میں رہنے پر مجبور ہیں ۔مسافروں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے ملبہ ہٹانے میں جان بوجھ کر تاخیر کی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میںسڑک کی تعمیر کا عمل جاری ہونے سے کئی گھنٹوں تک جام لگارہتا ہے ۔ سماجی کارکن انجینئر ارشد اعجاز خان نے بتایا کہ اگرچہ سڑک کی تعمیر ایک اچھا قدم ہے لیکن مسافروں کی دقتوں کو یکسر نظر اند ز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ غیر سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر سفر کرنے والی حاملہ خواتین ،مریضوں ،طلباء و عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے ملبہ اٹھانے کے لئے کوئی معقول لائحہ عمل نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے آئے دن شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز تھنہ منڈی کے باولی علاقے میں شدید ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر متاثر ہو کر رہ گئی۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے دوران گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے معقول لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکم کام اور مسافر دونوں متاثر نہ ہوں ۔