سرینگر//بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر امن و امان بنائے رکھنے سے ہی خطے میں خوشحالی اور ترقی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ اور جموں کشمیر میں چین اور پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر اس وقت جو امن کی فضاء ہے، اس سے سرحدی آبادی کو سکون میسر ہوا ہے اور بھارت حتی امکان کوشش کرے گا کہ امن کی بحالی قائم رہے ۔سی این آئی کے مطابق وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر امن کا متمنی ہے تاکہ خطے میں ترقی اور خوشحالی برقرار رہے ۔ ان باتوں کااظہار وزیر خارجہ نے چین کے اپنے ہم منصب وانگ یی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقعے پر دونوں رہنمائوں نے مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی ۔ اس بات کی جانکاری موصوف نے سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹویٹرپر دی ۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ جمود کی ’جوں کی توں‘پوزیشن قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر امن بنائے رکھنا ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جانب اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ گزشتہ برس ملٹری کمانڈروں کے مابین ہوئی بات چیت کے طرز پر دوبارہ مذاکرات شروع کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وانگ نے ان سے دو بار اس سے پہلے بھی بات کی ہے جس میں انہوںنے اس بات کاذکر کیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ دونوں جانب اس بات پر اتفاق ہوا کہ ماسکو ایگریمنٹ پر عمل ہو اور حقیقی کنٹرول لائن پر دونوں فوجی اپنی سابق پوزیشن پر رہیں ۔اس دوران انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ بھارت جموں کشمیر اور لداخ میں چین اور پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دائمی امن کا خواہشمند ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سرحدوں پر عمل رہنے سے ہی خطے میں ترقی کی امید کی جاسکتی ہے ۔