سرینگر// جموں کشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ایک اہم پیش رفت کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے ایل جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور ترجمان سنجے صراف نے پارٹی کے قومی صدر پشو پتی پارس کو مرکزی وزارت برائے فوڈ پروسسنگ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ سنجے صراف نے کشمیر پریس کلب میں پیر کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ انہوں نے جموں کشمیر کے ہر ضلع میں فوڈ پروسسنگ مرکز قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور انہیں امید ہے کہ مرکزی وزیر جلد ہی اس تجویز کو ہری جھنڈی دکھائے گے۔پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ اس پہل سے جموں کشمیر میں20فوڈپروسسنگ مرکز تیار ہونگے اور قریب15سے20ہزار لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہونگے۔انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کریںاور اس حوالے سے اپنے یونٹوں کے قیام کی تجویز دیں۔ صراف نے کہا کہ ان یونٹوں میں50فیصد سبسڈی(رعایت) بھی ملے گی،جس کے نتیجے میں انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ صراف نے کہا کہ اس پہل کے تحت چھوٹی صنعتوں کو بھی10لاکھ روپے تک کی مدد ملے گی اور جموں کشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ صراف نے کہا کہ ایل جے پی نے ماضی میں وادی میں ریلوے بھی لائی تھی،جب ریلوے وزارت کا قلمدان ان کے پاس تھا جبکہ بعد میں اسٹیل پلانٹ بھی لایا جب اسٹیل وزارت ان کے پاس تھی۔ وزیر اعظم اسکیم کے تحت پنڈتوں کی باز آبادکاری اور روزگار اسکیم کو مخمصے کا شکار کرنے پر صراف نے کہا کہ یہ’’سپر میموری‘‘ پروجیکٹ ہے اور ان پر ان قوانین کا اطلاق نہیں ہوگا جو دیگر ملازمت پر ہوتا ہے۔صراف نے کہا کہ2017میں محکمہ عمومی انتظامی نے بھی اس بات کو تسلیم کیا تھا تاہم اب نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر وہ اس اسکیم کو ملازمت کے حصول کے قواعد کے دیگر قوانین کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔صراف نے عید کے پیش نظر اہل اسلام کو بالخصوص اور جموں کشمیر کے عوام کو بالعموم مبارکباد پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عید کے پیش نظر قربانی کیلئے جانوروں کے علاوہ گوشت،مرغ اور دیگز اشائے ضروریہ کے چیزوں کو دستیاب رکھا جائے۔