نئی دہلی// کسانوں، افراط زر، پٹرول، ڈیزل کے داموں کے سلسلے میں حزب اختلاف کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کے مانسون سیشن کے پہلے دن پیر کو لوک سبھا میں کوئی کام کاج نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی منگل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ دو التواء کے بعد تیسری مرتبہ جیسے ہی سہ پہر ساڑھے تین بجے ایوان کا اجلاس شروع ہوا کانگریس، ترنمول کانگریس، دراوڑ مننترا کھزگم، شرومنی اکالی دل اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکین ڈائس کے ارد گرد جمع ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ ان لوگوں نے تختیاں بھی اٹھا رکھیں تھیں جس میں کسانوں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، مہنگائی کے بارے میں نعرے لکھے گئے تھے۔ اسپیکر اوم برلا نے تمام ممبران سے اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی گزارش کی، انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کو ہر موضوع اور ایشو پر بات کرنے کا کافی مواقع دیئے جائیں گے۔اوم برلا نے ممبروں سے اپیل کی کہ وہ پرسکون ہوجائیں اور اپنی جگہوں پر بیٹھ جائیں اور ایوان کی کارروائی میں تعاون کریں لیکن اس کا حزب اختلاف کے ممبروں پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ اس کے بعد اسپیکر نے منگل کی صبح 11 بجے تک ایوان کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نئے وزراء کا تعارف نہیں کراسکے
نئی دہلی//یو این آئی// پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے پہلے دن لوک سبھا (ایوان زیریں) میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ، وزیر اعظم نریندر مودی ایوان میں اپنی کابینہ میں شامل وزرا کا باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرا سکے اور انہیں ایوان کے ٹیبل پر وزرا کے تعارف کی دستاویزات رکھنے پڑے۔مان سون اجلاس کے پہلے دن ایوان میں سابق ممبران اور دیگر معززین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعدکارروائی ملتوی کردی گئی۔ اس کے بعد ، جب دوپہر 12.24 بجے کارروائی دوبارہ شروع ہونے پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ کابینہ میں توسیع کے بعد نئے وزراء سے ایوان کو متعارف کروائیں۔