منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں صارفین نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ عیدالا ضحی کے موقعہ پر بھی ان کو تیل خاکی اور چینی سپلائی نہیں کی گئی ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے تیل خاکی کو بغیر کسی وجہ کے بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی معیاری سپلائی بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے جبکہ خراب موسم کے دوران سپلائی ہی بند کر دی جاتی ہے جس کے دوران لوگ تیل خاکی پر ہی انحصار کرتے تھے لیکن اس کی سپلائی بند ہونے سے اب لوگ گھپ اندھیرے میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔اے اے وائی زمرے سے تعلق رکھنے والے صارفین نے بتایا کہ محکمہ امور صارفین کی جانب سے ان کو نظراندز کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد تیل خاکی اور چینی کی سپلائی کو بحال کیا جائے ۔