نئی دہلی// (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی میں متواتر خلل پڑنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ اپنے طرز عمل سے قوم کے سامنے ایک مثال پیش کریں۔مسٹر نائیڈو نے جمعہ کے روز ایوان بالا میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی گزشتہ روز ایوان میں پیگاسس اسپائی ویئر معاملے پر بیان دینے والے تھے، لیکن ایک ممبر نے ان کے ہاتھ سے کاغذ چھین لیا۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ "بدقسمتی سے مرکزی وزیر کے ہاتھ سے کاغذات چھین لئے گئے اور ٹکڑے کرکے ہوا میں اچھال دیئے گئے۔ ایوان کی کارروائی نچلی سطح تک چلی گئی۔ اس طرح کی کارروائی ہماری پارلیمانی جمہوریت پر واضح حملہ ہے۔ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت سے ہم آہنگ نہیں ہے"۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک سیاسی ادارہ سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہے جسے آئینی مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کا بہت کم احترام کیا جا جارہا ہے۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے۔اس سے قبل جیسے ہی صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ، اسپیکر اوم برلا نے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کر نے والے ہندوستانی دستے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔