کپوارہ+سرینگر +اننت ناگ//شمالی ضلع کپوارہ کے چوکی بل کرالہ پورہ علاقہ میں ایک جیسے دو المناک حادثے اُس وقت پیش آئے جب ایک معمر خاتون سمیت دو افراد نالہ کہمیل میں ایک عارضی پل عبور کرنے کے دوران گر کر غرقآب ہوگئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صوبی اختر زوجہ محمد سعید ساکن راشن پورہ کرالہ پورہ کسی کام سے تمنہ جارہی تھی کہ اس دوران وہ تمنہ اور چوکی بل کے درمیان نالہ کہمیل پر عارضی پل پار کر نے لگی جس دوران اس کا پیر پھسل گیا اور وہ نالہ کہمیل میں گر کر غرقآب ہوگئی ۔ معمر خاتون کے غرقآب ہونے کے چند منٹ قبل، کھنہ بل چوکی بل کاجواں سال منظور احمد ریشی نالہ کہمیل پر بنایا گیا عارضی پل پار کرنے لگا کہ وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور نالہ کہمیل میں غرقآب ہوگیا ۔مقامی لوگوں نے فوری طور بچائو کارروائی شروع کی اور دونوں کی لاشیں آدھہ کلو میٹر دور بر آمد کی گئیں۔ادھرسرینگر کے مضافاتی علاقہ پنزی نارہ میں سکوٹی اور ویگنا ر کی ٹکر میں تین دوست ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر اور سمبل روڑپر پنزی نارہ کے مقام پر جمعہ دوپہرسکوٹی کی مخالف سمت سے آ رہی ویگن آر زیر نمبرJK05E-1226 سے شدید ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سمیر احمد ڈار ولد ثنااللہ،مشتاق احمد ملک ولد غلام محمد اور شاہد فیاض ڈار ولد فیاض احمد ڈار ساکنان پنزی نارہ سرینگر موقع پر ہلاک ہوگئے ۔عینی شاہدین کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ تینوں سکوٹی سوار موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔حادثہ پیش آنے کے فورا بعد متعلقہ پولیس تھانہ کے اہلکار پہنچے اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس نے قانونی لوازمات مکمل کرکے لاشوں کو پسماندگان کے سپرد کردیا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 218/2021 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔ حادثہ میں ویگنار کا ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر اننت ناگ کے ویری ناگ ہالن علاقے میں پہاڑی سے پھسلنے سے دو نوجوانوں کی موت ہوئی جبکہ واقعہ میںایک زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق ویری ناگ سے 3 نوجوان ویری ناگ کی پہاڑیوں سے بانہال کی طرف نکلے، اس بیچ پیٹھ ہالن کے نزدیک تینوں نوجوان پہاڑی سے لڑھک کر نیچے کھائی میں گر گئے۔واقعہ کی خبر ملتے ہی بانہال اور ویری ناگ سے لوگ جائے موقعہ کی جانب نکلے تاہم رات کی تاریکی اور جنگلی جانوروں کی موجودگی کے باعث بچا ئوعملے کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس دلدوز حادثہ میں18سالہ عاقب احمد وانی ولد طارق احمد وانی ساکن ڈولی گام بانہال اور26سالہ محمد عمران خان ولد عبدالسلام خان ساکن ویری ناگ کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ حادثہ میں 18سالہ مزمل احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن ڈولی گام بانہال زخمی ہوگیاہے ۔ ادھرکنہ کدل سرینگر میں شہری غرقآب ہوا۔ کنہ کدل میں جمعہ کو ایک شہری پھسل کر سنرکوہل میں گر گیا اور غرقآب ہوا اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔اس کی تلاش شام گئے تک جاری ہے ۔