منڈی//تحصیل منڈی کے دو دریائوں میں ریت اور بجری مافیہ دن رات سرگرم رہ رہا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی کام میں ملوث افراد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔مکینوں نے بتایا کہ منڈی کے دریائوں میں دن رات ریت بجری مافیا جے سی بھی مشینوں اور ٹریکٹرٹرالیوں کے ذریعہ سرگرم ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس عمل کے بعد مذکورہ ریت بجری کی بلیک مارکیٹنگ بھی کی جاتی ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ نے ابھی تک کوئی کارروائی ہی نہیں کی ۔غور طلب ہے کہ مافیا کے غیر قانونی عمل سے دریائوں میں کھڈے پڑے ہوئے ہیں جو کہ مکینوں کیلئے بھی ایک بڑی مشکل ثابت ہورہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دریائوں میں پڑے ہوئے کھڈوں کی وجہ سے اس سے قبل بھی کئی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ منڈی کے مقامی لوگوں نے پولیس اور سیول انتظامیہ پر الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ عمل پولیس اور سیول انتظامیہ کی ملی بھگت کے ذریعہ چل رہا ہے ۔عبدالمجید نامی ایک مقامی شخص نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منڈی کے دریائوں میں مافیا سرگرم ہو ا ہے لیکن متعلقہ محکمہ او ر مقامی انتظامیہ لاپرواہی کا شکار ہو چکی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی طور پر سرگرم مافیا کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔