سرینگر//لیفٹینٹ گورنرمنوج سنہا نے محکمہ صحت کو آنے والے ہفتوں کے دوران 15لاکھ اضافی افراد کی ٹیکہ کاری کرنے کا ہدف دیا۔لیفٹنٹ گورنرکووِڈ- 19صورتحال کی ہفتہ وارجائزہ میٹنگ کی صدارت کررہے تھے۔انہوں نے مرکزی زیرانتظام علاقے میں کورونا کی موجودہ صورتحال کاکووِڈ ٹاسک فورس ،ڈپٹی کمشنروں اور پولیس ایس ایس پیز سے تفصیلی جائزہ رپورٹ حاصل کیا۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنروں،اور ایس پیز نے لیفٹینٹ گورنر کواپنے اپنے اضلاع میں کووِڈ ٹیکہ کاری ،ٹیسٹنگ،تحفظ کے اقدامات اور مجموعی صورتحال سے باخبر کیا۔کورونا کی تیسری لہر کے خدشات کے پس منظر میں لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں مستقبل کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاررہناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقررکئے گئے ہدف کی آبادی کی ٹیکہ کاری کرنے سے ہم کسی بھی ممکنہ خطرے سے لوگوں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ متعدد موثرحکمت عملی کے اقدام کرکے اورکلنیکل بندوبست کرکے مرکزی زیرانتظام علاقہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طبی آکسیجن کی پیداوار جوگزشتہ برس15000لیٹرفی منٹ تھی ،اس سال 66000ہزار لیٹر فی منٹ تک پہنچ گئی ہے اور جو جلد ہی نوے ہزار لیٹر فی منٹ تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے ٹیکہ کاری ،رابطوں کی کھوج،کووِڈمناسب رویہ کانفاذ ،کو کورونا سے بچائو کی کلید قرار دیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں اور ایس پیز کو تلقین کی کہ وہ ان گائیڈ لائنز کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔