اننت ناگ// ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیو ش سنگلا نے کہا کہ کووِڈ صورتحال میں مسلسل بہتری آرہی ہے اورضلع میںشفایابی کی شرح میں اِضافہ اور مثبت معاملات کی شرح میں کمی واقع ہو رہی ہے۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ نے ضلع میں کووِڈ۔19 کے منظرنامے اور دوسری لہر کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع کی جانب سے اُٹھائے گئے اِقدامات کے بارے میں میڈیاکوبریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہاکہ ضلع میں موجودہ صحتیابی کی شرح 98فیصد سے زیادہ اور مثبت معاملات کی شرح گزشتہ سات دِنوں میں 0.27 فیصدتک پہنچ گئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقین پر زور دے کر کہا کہ وہ جاری کووِڈ حفاظتی ٹیکوں سے متعلق مہمات کو پوری رفتار کے ساتھ جاری رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو ٹیکے لگائے جاسکیں۔ٹیکہ کاری مہم کے بارے میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اَب تک مختلف قسم کے مستفید اَفراد کو زائد از 3.78 لاکھ ٹیکے فراہم کئے گئے اور کووِڈ ۔19 حفاظتی ٹیکے کی دوسری ڈوزکا ہدف حاصل کرنے کے لئے لوگوں کو اُن کے دہلیز پر لگائے جارہے ہیں۔ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ انفورسٹمنٹ اور صحت ٹیمیں مارکیٹوں ، عوامی پارکوں ، سیاحتی مقامات اور دیگر ممکنہ طور پر رَش مقامات پر سی اے بی کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر نمونے لینے سے انفیکشن کی بہتر تصویرسامنے آ رہی ہے اور یہ ضلع میں وائرس پر مزید قابو پانے کے لئے کار آمد ثابت ہو رہا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے وبائی بیماری کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لئے کووِڈ تخفیفی اِقدامات میں شامل ہر فرد اور ایجنسی کو مستقل کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ادھربانڈی پورہ میں کووِڈ – 19کی صورتحال میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔ضلع کمشنر نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں فعال مریضوں کی تعداد اب کم ہوکر66رہ گئی ہے جبکہ اسپتال میں صرف4مریض داخل ہیں اور62مریضوں کا علاج اور دیکھ بھال گھروں میں ہی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں صحتیابی کی شرح98فیصدسے زیادہ ہے اوراب تک9289افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ضلع میں صرف100اموات ہوئیں۔
کووِڈ- 19گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیاں
۔3,41,840روپے جرمانہ وصول
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں وادی کشمیرمیں نوافراد کو گرفتار کرکے ایک کیس درج کیا جبکہ 3051افراد سے3لاکھ41ہزار840روپے جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ کولگام میں کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے پر31دکانیں سربمہر کی گئیں۔پولیس بیان میں عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ کووِڈرہنماخطوط کی ہرحال میں پاسداری کو یقینی بناکر کووِڈ-19کومزید پھیلنے سے روکنے میں معاونت کریں۔