لیفٹیننٹ گورنر NIT سرینگرکا دورہ | گرلز ہوسٹل کے اِضافی بلاک کا سنگ بنیاد اور جدید ترین جمنازیم کا اِفتتاح
جموں کشمیرتعلیمی لحاظ سے ملک میں بہترین ؛منوج سنہا
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف تیکنالوجی سرینگر میںگرلز ہوسٹل کے اِضافی بلاک کا سنگ بنیاد رکھا اور یہاں جدید ترین جمنازیم کا اِفتتاح کیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے تکنیکی ترقی اور تحقیق کے میدان میں این آئی ٹی سری نگر کے جاری پروگراموں کا مختصر جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے حکومت کی طرف سے جموںوکشمیر یوٹی میں تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے کئے گئے مختلف اِقدامات کا ذکر کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر تعلیمی بنیادی ڈھانچے کے لحاظ سے ملک میں بہترین ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم تعلیمی ماحولیاتی نظام کی تبدیلی کے لئے اصلاحات لا رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوان پود کو جدید چیلنجوں سے نمٹنے اور تبدیلی لانے کے نئے مواقع فراہم کئے جائیں ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کووِڈ۔19 وَبائی بیماری کے بعد پوری دُنیا بدل گئی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نئی پالیسیاں جو بالخصوص نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور صنعتی ترقی کو تقویت دینے کے لئے مرتب کئے گئے ہیں۔حکومت نوجوانوں کو جموں وکشمیر کی ترقی اور ترقی میں شراکت دار بنانے کے لئے مناسب ماحول پیدا کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان اِختراع کاروں پر زور دیا کہ وہ نئی ایجادات پر توجہ دیں جو ایک عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لائیں گی۔ اَب وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ماحولیاتی تحفظ ، ایندھن کے متبادل ذرائع کی تلاش اور سڑک کے مضبوط مواد جیسے مسائل کو حل کرنے کی خاطر لوگوں کے لئے اختراع اور تخلیقی حل لے کر آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے حکومت کی کوششوں کی تکمیل کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے این آئی ٹی اِنتظامیہ اور فیکلٹی ممبران سے کہا کہ وہ متحرک اور کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے لئے ضروری اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پود کے لئے بہتر اِمکانات تلاش کرنے کی خاطر نئے سٹارٹ اَپ وینچروں کو فروغ دینے کے لئے اِنسٹی چیوٹ اِنڈسٹری کے روابط کو مستحکم کیا جائے۔اِس موقعہ پر انوویشن ، انکیوبیشن اور انٹرپرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کے دو اختراع کار ایزان مجید اور شیخ عنایت اللہ نے کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لئے اَپنے منصوبوں کی دلچسپ پیشکش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان اختراع کاروں سے کہا کہ وہ اَپنے آپ کو مشن یوتھ کے ساتھ جوڑیں اور ان کی اختراعات کو مجموعی ترقی کے لئے نچلی سطح تک لے جائیں۔دریں اثنا ٔ ڈائریکٹر این آئی ٹی سری نگر پروفیسر راکیش سہگل نے لیفٹیننٹ گورنر کو انسٹی چیوٹ کے پس منظر اور موجودہ منظر نامے سے آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے ایل جی کو مختلف معاونت والی فلیگ شپ پروگراموں کی عمل آوری سے متعلق بھی جانکاری دی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پانچ گاؤںکو اپنا کر مقامی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے علاقے کے دور دراز علاقوں میں ہنر مندی کے مراکز بھی قائم کئے ہیں۔انوویشن ، انکیوبیشن اینڈ انٹرپروینیور شپ ڈیولپمنٹ سینٹر ( آئی آئی ای ڈی ) کے سربراہ پروفیسر سعد پرویز نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کو آئی آئی ای ڈی سینٹر کے مختلف اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گرلز ہوسٹل کا اضافی بلاک جس کی کل گنجائش 120 ہے اور 13.22 کروڑ روپے کے بجٹ لے آئوٹ سے تعمیر کیا جارہا ہے۔اِفتتاحی جمنازیم وزیر اعظم ڈیولپمنٹ پیکیج کے تحت 1.86کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس میں طلباء و طالبات اور ایک بیرونی جمنازیم شامل ہیں۔اِس موقعہ پر رجسٹرار این آئی ٹی رجسٹرار پروفیسر قیصر بخاری ، انسٹی ٹیوٹ کے تمام ڈین اور ایچ او ڈی اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے اور آئی جی پی کشمیر وِجے کمار بھی موجود تھے۔
ترقیاتی کاموں کے دائرہ کار میں تبدیلی
انتظامی سیکریٹریوں کو سخت ہدایات، تادیبی کارروائی کا عندیہ
بلال فرقانی
سرینگر//سرکار نے تمام انتظامی سیکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ترقیاتی کام کے آغاز کے بعد اس کے دائرئے کار میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہ لانے کو ذاتی طور پر یقینی بنائے۔ انتظامیہ نے ہفتہ کو بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے انتظامی کونسل فیصلہ نمبر 71/11/2021 محررہ 2 جولائی ، 2021 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا’’یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس (ڈی پی آر)، مجاز حکام سے منظوری اور ان کو ٹھیکداروں کو تفویض کرنے کے بعد کئی بار محکموں سے پھر نظر ثانی کی جاتی ہے‘‘۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کام کا دائرہ تبدیل ہوتا ہے ، جو کہ عمومی مالیاتی قواعد ، 2017 کی خلاف ورزی ہے،اور اس معاملے کو حکام نے سنجیدہ لیاہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اس طرح کے طریقوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے اور تمام محکموں کو پروجیکٹوں کے ڈھانچوں کے آغاز سے پہلے ان کو مناسب عمل سے گزارنے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بعد میں کام کے دائرہ کار میں سر نو تبدیلیوں سے بچا جا سکے۔ حکم نامہ میں کہا گیا’’ تمام انتظامی سکریٹری ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی کام کے آغاز کے بعد اس کے دائرہ کار میں کوئی تبدیلی نہ لائی جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی انحراف کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بجلی کی ترسیل،تقسیم اورفراہمی میں خامیوں کو دورکیاجائے
پرنسپل سیکریٹری پاورڈیولپمنٹ کی حکام کو تاکید
سرینگر//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) روہت کنسل نے بجلی کے شعبے کو بڑھانے کیلئے جے اینڈ کے پی ڈی ڈی کے آئی ٹی اور کمیونیکیشن ڈویژن کو مضبوط بنانے کیلئے کئے جانے والے کئی منصوبوں کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل بشارت قیوم ، سیکرٹری ( ٹیکنیکل ) پی ڈی ڈی بشیر احمد ڈار ، چیف انجینئر (ڈسٹریبیوشن) کے پی ڈی سی ایل اعجاز احمد ، ایگزیکٹو انجینئر آئی ٹی ڈویژن ( پی ڈی ڈی ) سرجیل غنی اور دیگر متعلقین نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں پی ڈی ڈی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نفاذ اور جاری مختلف پروجیکٹوں کیلئے حاصل کی گئی کامیابیوں اور پیش رفت سے متعلق مختلف پہلوؤں اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں آر اے پی ڈی آر پی ۔ اے نیٹ ورک اور سیکورٹی اپ گریڈ اور پی ڈی سی کے اے ایم سی کاموں جیسے پروجیکٹ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا ۔ جموں اور سرینگر کے دونوں شہروں میں سمارٹ میٹرنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا گیا کہ صارفین کے سروے ، ڈی سی /ڈی آر سی میں آئی ٹی ہارڈ وئیر کی فراہمی اور تنصیب کے علاوہ آر ایف ڈیزائین اور سرور کی سرگرمی مکمل ہو چکی ہے ۔ آئی ٹی فیز II کے حوالے سے میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ تمام بلنگ ایس ڈی اوز کی اوریکل یوٹیلیٹی پلیٹ فارم پر مکمل منتقلی کا تصور کر رہا ہے اور ایس اے این سٹوریج کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے اور ڈیٹا بیس اور ایپلی کیشن سافٹ وئیر کو نئے ایس اے این میں شامل کیا جا رہا ہے ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ یو ٹی میں بجلی کی ترسیل ، تقسیم اور فراہمی کو بہتر بنانے کیلئے پاور سیکٹر میں تکنیکی مداخلتوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔ اس موقع پر کنسل نے پی ڈی ڈی کے افسران سے کہا کہ وہ تمام جاری منصوبوں میں تیزی لائیں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تا کہ لوگ مستفید ہو سکیں اور انہیں ہدایت دی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سمارٹ میٹرنگ کی تنصیب کے تمام زمینی کاموں کو تیز کریں ۔ پی ڈی ڈی کے آئی ٹی سیل کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ واحد مربوط سافٹ وئیر تیار کریں جو نقصانات ، محصولات کی وصولی جیسی معلومات فراہم کرے اور ٹرانسفارمرز اور فیڈرز سے بھی جُڑے ہوئے ہوں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ صارف دوست انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماڈیول تیار کریں اور بجلی کے بلوں کی بروقت ترسیل کریں تا کہ ہدف کی آمدنی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
تشدد تمام توضیحات میںمصائب کاموجب
راجوری حملے پرڈاکٹرفاروق ،عمرعبداللہ اورپیپلز کانفرنس کاردعمل
سری نگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اورنائب صدرعمرعبداللہ نے راجوری میں بی جے پی لیڈر کے گھر پر مشتبہ جنگجوئوں کے دستی بم حملے میں تین سالہ بچے کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔کے این ایس کے مطابق ڈاکٹر فاروق نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ تشدد تمام شکلوں اور توضیحات میں لوگوں کیلئے بے شمار مصائب لاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں سوگوار خاندان سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں ۔ممبرپارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق نے کہا کہ اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت اور ان تمام دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں جو تشدد کے اس حقیر عمل میں زخمی ہوئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے راجوری حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کا شیطانی دائرہ اب بند ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ میں اس گھناؤنے اور قابل نفرت فعل کی مذمت کرتا ہوں جو معصوم زندگیوں کوختم کرتا ہے۔ عمرعبداللہ نے کہا کہ حملے کے ذمہ داروں کو جوابدہ ہونا چاہیے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔اُدھر سجادغنی لون کی قیادت میں جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے بھی حملے کی مذمت کی۔پارٹی کی جانب سے ٹویٹر پرڈالے گئے ایک ٹویٹ میںکہاگیا کہ ہم جسبیر سنگھ کے خاندان پر ایک بے ہودہ حملے میں4 سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہیں۔بیان میں پیپلز کانفرنس نے کہاکہ قومی دھارے کے کارکنوں پر ان کی سیاسی وابستگیوں کیلئے کیاجانے والا حملہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کی ہلاکتیں صرف ہماری اجتماعی تکلیف میں اضافہ کرتی ہیں۔
2آئی اے ایس افسران کی ڈیپوٹیشن مدت میں توسیع
2آئی پی ایس افسران کی ڈیپو ٹیشن پر تعیناتی
بلال فرقانی
سرینگر// مرکزی حکومت نے جموں کشمیر میں ڈیپوٹیشن پر تعینات2’آئی اے ایس‘ افسران ڈاکٹر سحرش اصغر اور راگھو لنکرکی مدت میں2برسوں کی توسیع کی ہے جبکہ2’آئی پی ایس‘ افسران کو جموں کشمیر میں ابتدائی طور پر3برسوں کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعینات کو منظوری دی ہے۔ وزارت پرسنل،عوامی شکایات اور پنشن کی ڈپٹی سیکریٹری شری واستو کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ کابینہ کی تقرر ی کمیٹی نے محکمہ پرسنل اینڈ ٹرینگس کی طرف سے2009آئی اے ایس بیچ اترا کھنڈ کے افسر راگھو لنکر کو’ انٹر کیڈر ڈیپوٹیشن ’اے جی ایم یو ٹی‘ کیڈر( جموں کشمیر) میں3 اکتوبر 2021سے2برسوں کی توسیع کرنے کو منظوری دی ہے۔ ایک اور حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تقرری کمیٹی نے2013پنجاب کیڈر کی آئی اے ایس افسر ڈاکٹر سید سحرش اصغر کو10جون2021سے جموں کشمیرکیلئے ڈیپوٹیشن میں2برسوں کی توسیع کو منظوری دی۔اس دوران ایک اور علیحدہ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایس افسر لکھشے شرما کو جموں کشمیر میں ابتدئی طور پر3برسوں کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔حکم نامہ میں کہا گیا’’ کابینہ کی تقرری کمیٹی نے وزارت داخلہ کی جانب سے منی پور کیڈر کے2016آئی پی ایس افسر لکھشے شرما کو’ اے جی ایم یو ٹی‘ کیڈر( جموں کشمیر) میںابتدائی طور پر3برسوں کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی تجویز کو منظوری دی۔ مرکزی وزارت پرسنل،عوامی شکایات اور پنشن کی ڈپٹی سیکریٹری ندی شری واستو کی جانب سے جاری ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق کابینہ کی مذکورہ کمیٹی نے وزارت داخلہ کی تجویز پر2013اتر پردیس کیڈر کے آئی پی ایس افسر ابھشیک مہاجن کو جموں کشمیر میں ابتدائی طور پر3برسوں کیلئے ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی تجویز کو ہری جھنڈی دی۔
اموات کا سلسلہ پھر تھم گیا | معاملات میں معمولی اضافہ،135متاثر
پرویز احمد
سرینگر//جموں و کشمیر میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 53ہزار 557ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5مسافروں سمیت مزید 135 افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 23ہزار 325تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل دوسری دن بھی وائرس سے کسی کی جان نہیں گئی ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 4395 بنی ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 135 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 37جبکہ کشمیر میں 98افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 98 افراد میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ 95افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 98افراد میں سرینگر میں 35 ،بارہمولہ میں 5بڈگام میں 6،پلوامہ میں 9، کپوارہ میں 10، اننت ناگ میں 8، بانڈی پورہ میں 11،گاندربل میں 9،کولگام میں 4 جبکہ شوپیان میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 823ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل دوسری دن بھی کسی شخص کی وائرس سے موت نہیں ہوئی ہے اور یہاں متوفین کی مجموعی تعداد 2239ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں سنیچر کو مزید 37افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ35مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموںکے 37متاثرین میں ضلع جموں میں 10،ادھمپور میں 3، راجوری میں 4، ڈوڈہ میں 10، کٹھوعہ میں 0، سانبہ میں 1، کشتواڑ میں 7، پونچھ میں 2، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 22ہزار 502تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور اسطرح یہاں متوفین کی مجموعی تعداد 2156بنی ہوئی ہے۔
بھرتی بورڈ کی نوکری کے خواہشمنداُمیدواروں کوصلاح | مفادپرست عناصراورجعلسازوں کے جھانسے میں نہ آئیں
سرینگر//جموں کشمیربھرتی بورڈ نے اُن امیدواروں جو کمپوٹر پرمبنی تحریری امتحان میں شامل ہورہے ہیں کہ وہ سرکاری نوکری کے حصول کیلئے مفادپرست عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں۔بھرتی بورڈ17سے 24اگست تک کونوٹیفیکیشن نمبر02کے1200اسامیوں کیلئے کمپوٹرپرمبنی تحریری امتحان منعقد کررہا ہے،جوسرینگراور جموں کے علاوہ بڈگام اور بارہ مولہ اضلاع میں کئی مراکز پرلئے جائیں گے ۔بورڈ نے کہاکہ یہ بات ان کی نوٹس میں آئی ہے کہ کچھ مفادپرست عناصرمعصوم نوجوانوں سے رابطہ قائم کرکے انہیں نوکری دینے کیلئے جھانسے میں لانے کی کوششیں کررہے ہیں ۔بورڈ نے کہا کہ اُس نے بار بار خواہشمندامیدواروں کومتنبہ کیا ہے کہ وہ ایسے عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں اورانہیں صلاح دی ہے کہ وہ ان عناصر کی ریشہ دوانیوں سے ہوشیاررہیں ۔اس سلسلے میں بورڈ نے ایک بار پھر امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ بھرتی کے معاملے میں ان سے رابطہ کرنے والے کسی بھی شخص یااشخاص کے بارے میں بورڈکوبلاتاخیر مطلع کریں۔بورڈ نے کہا کہ وہ اس بات کی سراہنا کرے گااگر کوئی ان عناصر کے بارے میں بورڈ کو ثبوتوں سمیت مطلع کرے گا تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔بورڈ نے کہا کہ ایسے امیدواروں کی شناخت کو مخفی رکھا جائے گا جو بورڈ کو اس بارے میں مطلع کریں گے۔بورڈ نے کہا کہ اُس نے ہمیشہ شفافیت کے بلندترین معیار کو قائم رکھا ہے اورکامیابی سے جموں کشمیرکے سب سے بڑے امتحان کو منعقد کیا۔
امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری سمجھاگیا | پاکستان کے صدر کی بھارت کومذاکرات کی پیشکش
سرینگر//پاکستان کے صدر عارف علوی نے بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری امن کی کوششوں کو کمزوری سمجھا گیااوربھارت نے ہمیشہ جارحانہ رویہ اختیار کیا۔۔سی این آئی کے مطابق پاکستان کے ایوان صدر میں پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں احساس ہے کتنی قربانیوں سے یہ ملک حاصل کیا گیا، پاکستان کو مختلف آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، پاکستان کا جوہری طاقت بننا بڑی کامیابی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان پر مختلف بہانوں سے جنگیں مسلط کی گئیں، خطے اور برصغیر میں اسلحے کی دوڑ جاری ہے، پاکستان کو اس دوڑ میں پھنسایا گیا۔ بھارت کو کہا گیا آوَغربت کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں، بھارت نے ہماری امن کی پیش کش کو کمزوری سمجھا، ہر بار بھارت نے جارحانہ رویہ اختیار کیا، پائلٹ واپس کرنے کو پاکستان کی کمزوری سمجھا گیا، بھارت پاکستان پر تین جنگیں مسلط کرچکا ہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی خبریں پھیلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔انہوں نے بھارت کو پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا، افغانستان کے حالات خراب ہونے پر پاکستان نے دہشت گردی کا سامنا کیا، افغانستان کے بعد جنگ سے زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ جانوں کا نقصان برداشت کیا لیکن کامیابی حاصل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کو شکست دی ۔عارف علوی نے کہاکہ مہاجرین کو کشتیوں میں ڈوبنے دیا جاتا ہے لیکن ان کو پناہ نہیں دی جاتی ، پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو اخلاقی طور پر پناہ دی، اس وقت افغانستان میں جاری صورت حال پر ہیجانی کیفیت ہے لیکن امن ضرور آئے گا۔
اسکولوں میں دن کے کھانے کی فراہمی | اکشے پترفائونڈیشن کے ساتھ محکمہ تعلیم کی مفاہمت
سرینگر //اسکول آف ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آف مڈ ڈے میل ( ایم ڈی ایم ) نے آج اکشے پتر فاؤنڈیشن کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے جس کا مقصد جموں و کشمیر کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم 15000 طلباء کو پہلے سے پکا ہوا کھانا مہیا کرنا ہے ۔ مفاہمت نامے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ایم ڈی ایم دیپ راج اور اکشے پترا کے ایک سینئر نمائندے نے دستخط کئے ۔ ابتدائی مرحلے میں اس اسکیم کو دو اضلاع جموںاور سانبہ میں لاگو کیا جائے گا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایم ڈی ایم نے انکشاف کیا کہ ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیر یو ٹی کے تمام اہل بچوں کو حفظان صحت اور غذائیت سے بھر پور کھانا فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اکشے پتا فاؤنڈیشن کے ممبران کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یہاں بچوں کو انتہائی غذائیت سے بھر پور کھانا فراہم کرنے کیلئے قدم اٹھایا ۔
گریز کیلئے ترقیاتی منصوبوں کو فوری طور منظور کیاجائے | بھاجپا کارکنوں کی میٹنگ سے اشوک کول کاخطاب
سرینگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کے تنظیمی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے لیفٹینٹ گورنرانتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ گریز میں پنچایتوں اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کیلئے منصوبے ترتیب دیں تاکہ سردیوں کے آنے سے قبل ان منصوبوں اور کاموں کو مکمل کیاجائے۔گریزمیں پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے اس علاقہ کو نظراندازکیا گیا ہے ۔انہوں نے گریز کیلئے ایک ٹنل بنانے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ گریز کے ساتھ ساراسال رابطہ بنارہے ۔کول نے علاقے کے جوانوں کیلئے پولیس فورسزمیں بھرتی کیلئے خاص مہم شروع کرنے کی بھی مانگ کی۔انہوں نے کہا کہ کچھ کاموں کو ادھوراچھوڑاگیاہے جن میں داوراورتلیل کے درمیان سڑک کی مرمت بھی شامل ہے جس میں جگہ جگہ گڑھے پڑچکے ہیں ۔بھاجپاکے سینئررہنمانے کہاکہ موسم گرما کے دوماہ باقی رہ چکے ہیں اورحال ہی میں پنچایتوں اور بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں نے بلاک سطح پرمنصوبے پیش کئے ہیں اورزمینی سطح پرانہیں ابھی عملایانہیں گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو کب منظورکیاجائے گاکیوں کہ سرمامیں گریزوادی کشمیرسے کٹ جاتا ہے ۔انہوں نے انتظامیہ پرزوردیا کہ وہ گریزکیلئے منصوبوں کو تیزی سے منظور کریں تاکہ ان پر فوری طور عمل درآمد ہو۔کول نے گریزمیں انتظامی دفاتر میں تحصیلدار،بلاک ڈیولپمنٹ افسرسمیت دیگراسٹاف کی کمی پر بھی فکرمندی کااظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ تلیل میں جورہتاہوگا اُسے تحصیلداریابی ڈی اوکے نہ ہونے سے زمینی سطح پرکتنی مشکلات کا سامناکرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس کیلئے آگے آناچاہیے اورعلاقے میں خالی عہدوں کو فوری طور پرکرناچاہیے۔
محکمہ خوراک رسدات وامورصارفین کا چیکنگ اسکارڈمتحرک
تین قصابوں کی دکانیں سربمہر،جرمانہ وصول
سرینگر// محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے سرینگر میں ہفتہ کو بازاروں کا معائنہ کیا اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی پاداش میں تین قصابوں کی دکانوں کو سربمہر کرنے کے علاوہ26ہزار روپے بطور جرمانہ بھی وصول کیا۔ اسسٹنٹ دائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی کی سربراہی میں ٹیم نے شہر میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں، مرغ،گوشت اور سبزی دکانوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران سرکاری نرخ نامے سے زیادہ قیمتوں میں گوشت فروخت کرنے والے تین قصابوںکی دکانوں کو سیل کیا گیا،جبکہ59 دکانداروں سے26ہزار450روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ اس موقعہ پر ٹیم نے خراب میوہ اور سبزیوں کو بھی موقعہ پر ضائع کیا۔ محکمہ شہری رسدات،امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی نے بتایا کہ انکی سربراہی والی ٹیم نے موقعہ پر ہی صارفین اور دیگر لوگوں سے بات کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ سرکاری نرخ ناموں سے زیادہ قیمتوں میں اشیاء کی خریداری نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اضافی قیمتوں میں اشیاء کو فروخت کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ اپنے کرتوں سے باز آئے،جبکہ لوگوں سے بھی استدعا کی گئی کہ وہ سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمتوں میں اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف محکمہ میں ہمہ وقت ٹال فری نمبر18001807011پر اپنی شکایات درج کرے۔اس دوران ٹیم نے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں اچانک اور غیر متوقع طور پر زیورات کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا،جس کے دوران انہیں خالص و ہال مارک والے زیوارات فروخت کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ٹیم نے اس دوران کئی بٹیکوں( کپڑے تیار کرنے والے دکانوں) کا بھی معائنہ کیا اور انہیں بھی ہدایت دی گئی کہ وہ صارفین کو نہ لوٹے۔
یوم آزادی پر میرکی لوگوں کو مبارکباد
سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرنے لوگوں کو75ویں یوم آزادی پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مجاہدین آزادی کی بے شمار قربانیوں کاثمرہ ہے جنہوں نے سامراج کے خلاف جدوجہدکی۔ایک بیان میں پردیش کانگریس صدر غلام احمدمیر نے لوگوں کوآزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اُن بے شمار مجاہدین آزادی کی جدوجہداوربیشمار قربانیوں کاثمرہے کہ ہمارے ملک نے برطانوی سامراج سے آزادی حاصل کی۔میرنے آزادی کے مجاہدوں کو خراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے قوم کے وقار اور عزت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیںاوران کی قربانیاں لوگوں کواتحاداوریکانگت کے راستے کی طرف رہنمائی کرتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک ان مجاہدین آزادی کا مرہوں منت رہے گاجنہوں نے برطانوی سامراج کے خلاف آزادی کیلئے جدوجہد کی۔انہوں نے ملک میں فرقہ وارانہ بھائی چارے کو بنائے رکھنے پرزوردیا۔
ذہنی سکون کی ادویات کی غیرقانونی فروخت
خلاف ورزی کرنے والوں پرجرمانہ عائد
سرینگر// سکون کی ادویات کی غیرقانونی فروخت پر روک لگانے کیلئے ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے وادی کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔یہ مہم صوبائی کمشنر کی ہدایت پرانجام دی گئی اوراس کیلئے محکمہ نے کئی ٹیموں کو تشکیل دیاتاکہ بازاروں میں ذہنی سکون کی ادویات کی جانچ کی جائے۔ محکمہ کی ٹیموں نے وادی کے مختلف اضلاع میں154اداروں کا معائنہ کیااوراس دوران14خلاف ورزیاں پائی گئیں اور 28نوٹسیں جاری کی گئیں جبکہ 35480روپے کا جرمانہ بھی عائدکیا گیا۔اس موقعہ پر متعلقین کو تمام ریکارڈ دستیاب رکھنے کی ہدایت دی گئی۔عوام الناس کو بھی محکمہ نے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں کسی بھی خلاف ورزی کی محکمہ کو اطلاع دے۔
جنگجوحملے میں ہلاک سوپورکے میونسپل کونسلروں کے لواحقین کو امداد
بارہ مولہ//لیفٹینٹ گورنر کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر بارہ مولہ بھوپندرکمار نے آج سوپور کا دورہ کرکے 29مارچ کو جنگجوئوں کے حملے میں مارے گئے افراد کے نزدیکی رشتہ داروں کوپچیس پچیس لاکھ کی عبوری امداد پیش کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو میونسپل کونسلروں نے29مارچ کو اُس وقت اپنی جانیں گنوائی جب جنگجوئوں نے اُن پر حملہ کیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے مرحومین کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کیااورانہیں یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے انہیں ہرممکن مددفراہم کرے گا۔متاثرہ کنبوں نے مرکزی زیرانتظام علاقہ کی انتظامیہ کا شکریہ اداکیاجوانہیں فوری طور عبوری امدادفراہم کی گئی۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور بھی تھے۔
لاپتہ ہیلی کاپٹر پائلٹ، 11ویںدن بھی آپریشن جاری
جموں//کھٹوعہ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے فوجی ہیلی کاپٹر رنجیت ساگر ڈیم میں گر کر تباہ ہونے کے بعد لاپتہ پائلٹوں کو باز یاب کرنے کیلئے 11ویں روز بھی انکی لاشیں بر آمد نہیں کی جاسکیں۔ ہیلی کاپٹر میں سوار دو پائلٹ ہنوز لاپتہ ہیں جن کی لاشیں باز یاب کرانے کیلئے سنیچر کو 11ویں روز بھی آپریشن جاری رہا ۔ابھی تک آپریشن میں صر ف ہیلی کاپٹر کے کچھ حصے بر آمد کئے جا چکے ہیں ۔
رفیع آباد میں جوان سال لڑکی کمرے میں لٹکتی پائی گئی
سوپور// رفیع آبادبارہ مولہ میں ایک جوان سال لڑکی کوکمرے میں لٹکتے ہوئے پایا گیا۔پولیس نے کیس درج کرکے لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے اُسے اہلخانہ کے سپردکیا۔ جے کے این ایس کے مطابق سوپورکے مضافات میں واقع ہب ڈانگرپورہ رفیع آباد میں سنیچر کی صبح جب ایک خاتون کافی وقت تک گھرکے کمرے سے باہرنہیں آئی توکچھ افرادخانہ اُس کے کمرے میں چلے گئے ۔افرادخانہ کے ہوش اُسوقت اُڑگئے جب انہوںنے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپورمیں تعینات قومی صحت مشن سے وابستہ خاتون ملازمہ کوکمرے میں لٹکتے پایا۔افرادخانہ نے مذکورہ خاتون صحت ورکر کونیچے اُتارالیکن وہ دم توڑچکی تھی ۔خاتون ملازمہ کی مبینہ خودکشی یاپُراسرارموت پرافرادخانہ ماتم کرنے لگے توکچھ ہمسایے اُن کے گھرپہنچے ،جسکے بعدپولیس کومطلع کیاگیا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ ہب ڈانگرپورہ رفیع آبادمیں ایک جواں سال لڑکی کی پُراسرارموت واقعہ ہونے سے متعلق اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی ۔پولیس نے خاتون ملازمہ کی نعش کواسپتال منتقل کیا،جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے نعش کاپوسٹ مارٹم کیا اورنمونے ضروری جانچ کیلئے فارنسک لیبارٹری بھیجے گئے جبکہ طبی وقانونی لوازمات مکمل ہونے کے بعد میت کوآخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپردکیاگیا ۔پولیس نے بتایاکہ ہب ڈانگرپورہ میں اس خاتون ملازمہ کی نعش گھرکے ایک کمرے سے لٹکی حالت میں برآمد ہونے کے سلسلے میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی گئی۔
انجینئریتوکی وزیراعظم سے اپیل | دفعہ370کوواپس کیا جائے
سرینگر//سینئرسیاسی رہنماانجینئرنظیراحمدیتو نے وزیراعظم نریندرمودی سے اپیل کی ہے کہ وہ دفعہ370کی واپسی اورجموں کشمیرکے ریاستی درجے کی بحالی کااعلان کریں۔ایک بیان میں انجینئریتو نے کہا دہلی کو اس بات کوسمجھنا چاہیے کہ5اگست کے فیصلے بے فائدہ تھے اوراس کئے بلاتاخیراُسے وہ سب واپس کرناچاہیے جو کچھ چھینا گیا ۔انہوں نے فوری طور انتخابات منعقدکرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
ملک میں سرگرم معاملوں میں اضافہ | 38,667نئے کیسز، 478 ہلاکتیں
نئی دہلی //یو این آئی// ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) کے نئے معاملوں ک مقابلے اس سے ٹھیک ہونے والے لوگوں کی تعداد ایک بار پھر کم رہی، جس کی وجہ سے فعال معاملات میں تقریباً ڈھائی ہزار کا اضافہ ہوا۔جس سے یہ تعداد 38767 ہو گئی ہے ۔جمعہ کو ملک میں 63 لاکھ 80 ہزار 937 افراد کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی اور اب تک 53 کروڑ 61 لاکھ 89 ہزار 903 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے ۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 38667 نئے معاملوں کی آمد کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 21 لاکھ 46 ہزار 493 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 35 ہزار 743 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 13 لاکھ 38 ہزار 88 ہو گئی ہے ۔ سرگرم معاملے 2446 بڑھ کر تین لاکھ 87 ہزار 673 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 478 مریضوں کی موت کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 30 ہزار 732 ہو گئی ہے ۔
رہمو پلوامہ میں حضرت سید محمد قاسم ؒکا عرس منایاگیا
نیوز ڈیسک
سرینگر//رہمو پلوامہ میں حضرت سید محمد قاسم ؒکا سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے رہمو علاقے میں حضرت سید محمد قاسمؒ کا سالانہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔کووڈ وبائی بیماری کے پیش نظر کوئی بھی بڑی تقریب منعقد نہیں ہو گی تاہم آستان عالیہ پر درودو اذکار اور ختمات المعظمات کی مختصر مجلس منعقد ہوگی۔ مجلس میں مولانا محمد امین ، مولانا محمد رفیق، مولوی اشفاق رسول اور مولوی قاری جاوید شرکت کرینگے ۔
میونسپل کونسل بارہمولہ کیلئے نائب صدر کا انتخاب | اپنی پارٹی کے مدثر تانترے کی جیت پر مبارکباد
سرینگر//اپنی پارٹی قیادت نے پارٹی یوتھ لیڈر اور میونسپل کونسل بارہمولہ نائب صدر مدثر احمد تانترے کو اعتماد کا ووٹ جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنی پارٹی صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے کہاکہ ’’ انتخابی نتائج نے ایک بار پھر عوامی نمائندگان نے اپنی پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں پر دوبارہ سے اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے، ہم اُمید کرتے ہیں اور یقین ہے کہ نوجوان اور پارٹی کے متحرک ساتھی مدثر تانترے لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کو وفا کریں گے‘‘۔ شاندارجیت پر تانترے کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پارٹی ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون نے کہاکہ اُن کی جیت اِس بات کی تصدیق ہے کہ اُن کے ساتھی کاؤنسلر اُنہیں کتنا زیادہ چاہتے ہیں اور اُن کی قیادت پر کتنا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’بارہمولہ میونسپل کونسل نائب صدر کا چارج سنبھالنے کے بعد مدثر تانترے کے کندھوں پر مزید ذمہ داریاں آن پڑی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ رائے دہندگان اور کونسل کے ساتھی ممبران کی توقعات پر کھرا اُتریں گے اور ہم اُن کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
حقانی ٹرسٹ کااظہار تعزیت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے خاندان حقانیہ کے محب و مرید اور ٹرسٹ کے دیرینہ رکن عبدالعزیز آہنگر ساکنہ ہی ون بارہمولہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمیداللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمدڈار نے عبدالعزیزآہنگر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔
ماگام میں سینکڑوں کنال پر پھیلی بھنگ کو تباہ کیاگیا
سرینگر//ماگام اور اس کے ملحقہ علاقوںمیں نوجوانوں نے پولیس کے ساتھ مل کر سینکڑوںکنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا۔ بھنگ کی کاشت کو جڑ سے ختم کرنے کے سلسلے میں وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ماگام اور ملحقہ علاقوں میں نوجوانوں نے ماگام پولیس کے تعاون سے مہم شروع کی ہے۔ شروع کی گئی مہم کے دوران شرکاء نے سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا۔ معروف سماجی کارکن سید علی اصغر رضوی کی نگرانی میں رضاکارانہ طور پر ماگام پولیس کے تعاون سے یہ مہم شروع کی ہے۔معاشرے میں دن بہ دن منشیات کا رجحان بڑھتا جارہاہے جس سے جرائم بھی بڑھنے لگے۔ ایسے میں جرائم کو ختم کرنے کے لیے سید علی اصغر رضوی نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر اس مہم کے ذریعے سماج میں منشیات کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا۔سید علی اصغر رضوی نے جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف آگاہی مہم شروع کی تاکہ نوجوانوں خصوصا سکول اور کالج جانے والے طلبا میں منشیات کے استعمال کو ختم کیا جا سکے۔ سید علی اصغر رضوی نے کہا کہ سماج میں نوجوان منشیات کی لت میں گرفتار ہورہے ہیں ہیں جو معاشرے کے لئے خطرناک ثابت ہورہا ہے اور اس کی روک تھام کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا رول نبھانا ہوگا۔سید علی اصغر رضوی نے کہاکہ ماگام اور دوسرے علاقوں میں ندی نالوں کے کناروں اور دیگر مقامات پر بھنگ اُگ آئی ہے جو منشیات اسمگلروں کے لیے چرس کے حصول کے آسانی ہوتی ہے۔ منشیات کی لت میں گرفتار افراد کے حرکات سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس بھی پایاجاتاہے۔
انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے علم شریف کے جلوس برآمد
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول عرض میں پانچویں محرم کو علم شریف کے جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا جن مقامات پر علم شریف کے جلوس برآمد کئے گئے ان میں ہانجک بمنہ،لاویپورہ گنڈ حسی بٹ،پازلپورہ شالیمار،لال بازار،عشائی باغ سعدہ کدل،نیوکالونی جڈی بل،مدون حاجن،مرتضی آباد اندرکوٹ وغیرہ شامل ہیں ۔ لاوے پورہ گنڈ حسی بٹ میں علم شریف کا ایک پروقار جلوس برآمد کیا گیا جس میں انجمن شرعی شیعیان کے آغا سید منتظر مہدی نے شرکت کرکے تنظیم کی نمائندگی کی جلوس ہاے علم شریف میں شامل عزاداروں سے علماے دین نے خطاب کرکے فلسفہ شہادت عظمی کی وضاحت کی اور معرکہ کربلا کے اہداف کی نشاندہی کی۔
رفیع میر نے امام باڑہ پہلگام کا دورہ کیا | مناسب راشن فراہمی اور سٹریٹ لائٹوں کی مرمت پرزور
سرینگر// اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے جمعہ کو امام باڑہ صوفیہ پہلگام کا دورہ کیا اور وہاں پر عاشورہ کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران رفیع میر نے شیعہ طبقہ کے علماء دین اور سینئر لیڈران سے ملاقات کی جنہوں نے اُن سے اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب ومرمت ، صفائی ستھرائی کرنے اور دوا کا چھڑکاؤ کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یوم ِ عاشورہ کے دوران عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رفیع میر کے ہمراہ بی ڈی سی چیئرمین ڈچھنی پورہ بشیر خان، ڈی ڈی سی اُمیدوار گل کلے، پارٹی زونل کارڈی نیٹر ، بلاک صدر ودیگران بھی تھے۔ دورہ کے دوران میر نے پہلگام میں شیعہ برادری کے علماء سے اپیل کی وہ جلو س ِ عزا کے دوران کویڈ19پروٹوکول اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
شوپیان میں کووِڈ۔19 بیدار ی مہم | عوام میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے
شوپیان//ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن سینٹر شوپیان نے ضلعی اِنتظامیہ شوپیان کے تعاون سے ضلع میں کووِڈ۔19 وَبائی مرض کی روکتھام کے لئے بیداری مہم جاری ہے۔ یہ مہم ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر شوپیان شوکت احمد خان کی نگرانی میںمنعقد کی گئی۔اِس موقعہ پر دکان داروں اور عوام لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے جو کہ انہیں تمام ایس او پیز، سی اے بی اور کووِڈ رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کامشورہ دیتے ہیں جس میں ماسک پہننا ، صفائی ستھرائی ، سماجی دوری، اَپنے اِرد گرد کو صاف ستھرا رکھنا اور خریداری کے دوران بیڑ جمع کرنے سے گریز شامل ہے۔کووِڈ ۔19 کی تیسری لہر کو مد نظر رکھتے ہوئے اَپنے آپ کو اور اَپنے عزیزوں کو بچائیں۔لوگوں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گھروں میں رہنا بہتر ہے کیونکہ زندگی بہت قیمتی ہے۔
سکمز سے وابستہ طبی و نیم طبی عملہ کواعزاز | نگوا سکمز صدر کی مبارکباد
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے کووڈ ویررس کو یوم آزادی کے موقعہ پر جن 50افراد کو اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سکمز صورہ کے 5ملازمین ہیں جن میں 3ڈاکٹر بھی شامل ہیں، کو نگوا سکمز کے صدر اشتیاق بیگ نے مبارکبادپیش کی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے کووڈ وئرئرس کو اعزازی سند سے نوازاجار ہا ہے اور اس سلسلے میں یوم آزادی پر منعقد کی جارہی تقریب پر ان وئررئس کو اعزازات سے نواز جائے گا جن میں صورہ سکمز سے وابستہ ڈاکٹر فیاض صوفی، ڈاکٹر طالب خان،ڈاکٹر تجمل کے علاوہ پیرا میڈیکل سٹاف کے مس رفیقہ رشید سٹاف نرس، رشید حسین وانی بھی شامل ہیں ۔ اشتیاق بیگ نے ان ویریرئس کو مبارکباد پیش کی۔ انہوںنے کہا ہے کہ ان ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف سے وابستہ عملہ نے جس جذبے کے تحت وبائی دور میں کام کیا ہے وہ یاد گار ی ہے اور ان کو نگوا کے جملہ ملازمین کی طرف سے مبارکبا د پیش کی جارہی ہے ۔