نئی دہلی//افغانستان کے دار الحکومت کابل پر طالبان کے قبضہ کے بعد ہندوستانی شہریوں کو وطن واپس لایاجانے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو 168مسافروں کو وطن پہنچایا گیا جن میں 24 افغان سکھ بھی شامل ہیں۔کابل ایئرپورٹ میں پھنسے 168 مسافروں کو لے کر طیارہ صبح تقریباً 10 بجے غازی آباد کے ہنڈن ایئربیس پہنچا۔ مسافروں میں 24 افغان سکھ بھی شامل ہیں جبکہ دو افغان سینیٹر بھی ہندوستان آ گئے۔جہاز کے ذریعے ہندوستان پہنچنے والے سینٹروں میں سے ایک کا نام انارکلی ہے اور وہ طالبان کے خلاف بیان دیتی رہتی تھیں۔ اس سے پہلے دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر کابل سے 3 پروازیں پہنچیں۔ یہ پروازیں دوحہ، تاجکستان سے ہوتے ہوئے ہندوستان پہنچیں۔ ایک فلائٹ وستارا کی، دوسری ایئر انڈیا کی اور تیسری انڈیگو کی ہے۔ تمام پروازیں صبح 4.30 سے 6بجے کے درمیان ہندوستان پہنچیں۔ انڈیگو اور ایئر انڈیا کی پروازوں کے ذریعے 250 افراد ہندوستان پہنچے ۔کابل ایئرپورٹ پر جس طرح کے حالات ہیں ان میں ہندوستانی شہریوں اور ہندوستان آنے کی خواہش رکھنے والے افراد کو نکالنا مشکل کام ہے۔