گول (رام بن)//اپنی پارٹی یوتھ ونگ جموں وکشمیر نائب صدر رقیق احمد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار پیکیج کا اعلان کیاجائے جوکہ دفعہ370اور35 اے کی منسوخی سے بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ضلع رام بن کے گول میں یوتھ ونگ اپنی پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رقیق خان نے کہاکہ پچھلے تین سالوں سے نوجوان بے روزگار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سال میں صورتحال بہت بگڑ چکی ہے۔ ترقی، سیاحت، تاجر ، طلبہ حتی کہ ہرشعبہ بُری طرح متاثر ہوا ہے جن کی مشکلات کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی درجے کی تنسیخ نے لوگوں کو الگ تھلگ کردیا ہے اور ہماچل پردیش کی طرز پر اُن کے حقوق کا تحفظ کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں میں اعتماد قائم کرنے کی ضرورت ہے جوکہ صرف جمہوری عمل کی بحالی سے ہی آسکتا ہے۔ جتنا جلد ہوسکے اسمبلی انتخابات کرائے جائیں تاکہ منتخب حکومت زمینی سطح پر لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل کو حل کرے کیونکہ اِس وقت انتظامیہ اور عوام میں کوئی تال میل نہیں، انتظامی سطح پر جوابدہی کا فقدان ہے۔ انہوں نے حکومت ِ ہند کو 14مارچ2021کو اپنی پارٹی قیادت کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی یقین دہانی کراتے ہوئے مانگ کی جمہوری عمل ، ریاستی درجے کی بحالی، ہماچل پردیش وملک کی دیگر ریاستوں کی طرز پر مقامی لوگوں کے حقوق کا تحفظ کر کے اُن وعدوں کو وفا کیاجائے۔