کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے کشتواڑ کے علاقے مغل میدان میں جنگلاتی پیداوار ناگچتری سمیت ایک سمگلر کو گرفتار کیا جسکے قبضہ سے04 بوریاں جنگلی پیداوار ناگچتری برآمد کی گئیں۔کشتواڑ پولیس کو قابل اعتماد ذرائع سے موصول ہونے والی ایک مخصوص اطلاع پر پولیس سٹیشن چھاترو کی ایک ٹیم نے مغل میدن مارکیٹ میں اچانک ناکہ لگایا ، چیکنگ کے دوران ایک پیدل چلنے والے شخص نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولیس پارٹی نے اسے چالاکی سے پکڑ لیا۔ ملزم سے پوچھ گچھ کرتے ہوئے اس نے جنگل کی پیداوار کی سمگلنگ کا اعتراف کیا۔پولیس پارٹی نے ملزم کو گرفتار کیا اور تقریبا 80 کلو وزنی ناگچتری کی 04 بوریاں برآمد کیں۔ گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت محمد یوسف ولد عبدالرحمٰن ساکنہ دروبیل مغل میدان چھاترو کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 58/2021 زیردفعہ 379 آئی پی سی ، 6 فاریسٹ ایکٹ پولیس تھانہ چھاترو میں رجسٹرڈ کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔
سڑک کی خستہ حالی کیخلاف گووند پورہ کنڈی میں احتجاج
ایم ایم پرویز
رام بن//سابق کانگریس ممبر اسمبلی رام بن کی قیادت میں گووند پورہ کنڈی کے باشندوں نے اتوار کو رام بن میں میترا سے کنڈی جانے والی لنک روڈ کی خستہ حالت کے خلاف محکمہ تعمیرات عامہ رام بن کے خلاف احتجاج کیا۔انہوں نے پی ڈبلیو ڈی رام بن کے خلاف سڑک کو برقرار نہ رکھنے پر نعرے لگائے۔اس سلسلے میںسابق ممبر اسمبلی رام بن ماسٹر اشوک کمار کی قیادت میں مقامی لوگوں کا ایک گروپ کنڈی کے مقام پر سڑک پر جمع ہوا اورمحکمہ تعمیرات عامہ رام بن کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین کی جانب سے بات کرتے ہوئے ماسٹر اشوک نے کہا کہ رام بن تحصیل میں سوئی نالہ سے کنڈی لنک روڈ پر کام 2003-04 میں محکمہ تعمیرات عامہ رام بن کے ذریعہ ایم جی این ای آر جی اے کے تحت شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سوئی نالہ سے لے کر بی جے پی کے سابق ایم ایل اے رام بن تک کی سڑک بلیک ٹاپ اور اچھی حالت میں ہے لیکن ایم ایل اے کے گھر کے باہر والی سڑک کی حالت خستہ ہے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سڑک کو پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی گئی اور سڑک کی حالت پچھلے 7 سال کے دوران خراب ہوگئی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ سابق ایم ایل اے رام بن سمیت بااثر افراد کی معاوضے کی فائلیں ترجیحی بنیادوں پر تیار کی گئیں اور انہیں معاوضہ دیا گیا جبکہ غریب باشندوں کی معاوضے کی فائلیں جن کی زمین سڑک کی صف بندی میں آئی ہے متعلقہ محکموں نے تیار نہیں کی۔انہوں نے حکومت اور ڈپٹی کمشنر رام بن سے اپیل کی کہ وہ آر اینڈ بی کو ہدایات دے اور علاقے میں افسران کی ایک ٹیم بھیجیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس سڑک کو خستہ حالت میںکیوں چھوڑا گیا ہے۔
دو خواتین منشیات فروش گرفتار،گانجہ ضبط
ریاسی: ڈسٹرکٹ پولیس ریاسی نے تلاشیوں کے دوران 2.75 کلو گانجہ برآمد کیا اور منشیات فروشی میں ملوث دو خواتین کو گرفتار کیا۔پولیس چیک پوسٹ نومین پر اچانک ناکہ چیکنگ کے دوران دو خواتین مشکوک حالات میں چلتی ہوئی پائی گئیں جنہیں پولیس پارٹی نے ڈیوٹی پر روکا۔ملزم ریکھا دیوی زوجہ سباش چندرساکن ریلوے روڈ کن دروریاں کٹرا اور مایا میرزوجہ انور میرساکن ریلوے روڈ کٹرا ،جودومیل سے کٹرا کی طرف چل رہے تھے ،کو روک کر چیک کیا گیا۔ دونوں خواتین کالے رنگ کے بیگ اٹھائے تھیں۔ چیکنگ کے دوران پولیس پارٹی نے ریکھا دیوی کے بیگ سے 850 گرام گانجہ جیسا مادہ برآمد کیا جبکہ مایا میر کے بیگ سے 1.9 کلو گرام گانجہ برآمد ہوا اور مجموعی طور پر 2 کلو گرام اور 750 گرام نشہ آور گانجہ برآمد ہوا۔ اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 205/2021 زیردفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس سٹیشن کٹرا میں رجسٹرڈ ہے اور تفتیش جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ منشیات مخالف مہم کے تحت ریاسی پولیس نے 156 مجرموں کے خلاف منشیات کے استعمال کے 120 مقدمات درج کیے جب سے شیلندر سنگھ نے مارچ 2021 کو ایس ایس پی ریاسی کا چارج سنبھالا۔
رام بن۔بانہال سیکٹرمیں کریش بیریئرز کی تنصیب کا معائنہ
رام بن//یڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لال شرما نے جموں سرینگر قومی شاہراہ کے رام بن۔بانہال سیکٹر میں چار لینگ کے کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے آج کی میٹنگ میں انتظامی سکریٹری رام بن کی ہدایت کے مطابق کئی کمزور مقامات کا معائنہ کیا۔اے ڈی سی نے حادثے کے شکار علاقوں پر کیے گئے حفاظتی اقدامات بشمول کریش بیریئرز کی تنصیب اور پیرا پیٹس کی تعمیر کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ سڑک حادثات کو روکنے کے لیے کریش بیریئرز اور پیراپیٹس کی تنصیب کا کام مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار کو تیز کریں۔انہوں نے سیری مروگ میں ٹی 2 سرنگ کا بھی دورہ کیا اور کام کی رفتار کا معائنہ کیا۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر سے کہا گیا کہ وہ کسی بھی حادثے کو روکنے کے لیے کمزور حصوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت کے موثر ضابطے کے لیے اقدامات کریں۔
محکمہ تعلیم میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جائے | لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کا مطالبہ، مہنگائی الاؤنس کی ادائیگی کی مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے اساتذہ کے لئے ٹرانسفر پالیسی لاگو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیس برسوں سے ایک ہی جگہ اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے ٹیچروں کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ہے۔ڈوڈہ میں ضلع صدر نیاز احمد راہی کی صدارت میں منعقد ایک اجلاس کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ٹرانسفر پالیسی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں ہیں اور متعدد بار حکام کی نوٹس میں لانے کے بعد بھی اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ فیڈریشن کے اراکین نے کہا بیس برسوں سے ایسے سینکڑوں ٹیچر ایک ہی جگہ تعینات ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ ضلع میں ٹیچروں کے تبادلے کے حوالے سے ایک فہرست جاری کی گئی جس میں صرف اثر و رسوخ والے اساتذہ کو شامل کیا گیا ہے اور باقی ٹیچروں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔انہوں نے ضلع و صوبائی انتظامیہ سے اس معاملے پر نظر ثانی کرکے اساتذہ کے ساتھ انصاف کرنے کی مانگ کی ہے۔ اس دوران انہوں نے ایل جی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے حق میں 11 فیصدی مہنگائی الاؤنس واگذار کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ماہ جولائی سے مزید تین فیصد و سبھی بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔
ڈوڈہ میں ٹیچرس فورم کی تقریب منعقد | نامور ٹریڈ یونین لیڈر نے جے کے ٹی ایف میں شمولیت اختیار کی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جموں و کشمیر ٹیچرس فورم نے اے ٹی ڈی کے تحت گریڈ 2 و 3 زمرے میں شامل اساتذہ و ماسٹر گریڈ کا تبادلہ عمل میں لانے، مختلف عہدوں پر فائز ملازمین کی ڈی پی سی کرنے و تدریسی و غیر تدریسی عملہ کے جائز مطالبات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرنے کا حکام سے مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں فورم کے چیف کوارڈی نیٹر جماعت علی آغاکی قیادت میں ایک وفد نے چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ پرہلاد بھگت سے ملاقات کی اور اپنی مانگوں کو لے کر یادداشت پیش کی۔اس دوران ڈاک بنگلہ ڈوڈہ میں منعقد ایک مختصر تقریب میں نامور ٹریڈ یونین لیڈر نثار احمد بانڈے چیئرمین چناب ویلی ٹیچرس فیڈریشن و محمد ایاض جنرل سیکرٹری نے جموں و کشمیر ٹیچر فورم میں شمولیت اختیار کی۔ فورم کے کوارڈی نیٹر نے ان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق و اتحاد کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بانڈے کا ٹیچرس فورم میں شامل ہونے سے انہیں مزید مضبوطی ملے گی۔
خصوصی درجے کی بحالی کیلئے قانونی جنگ میں مصروف:ڈاکٹر کمال
جموں// نیشنل کانفرنس ہمیشہ امن وامان اور لوگون کو ہر سطح پر راحت پہچانے کے اصولوں پر قائم و دائم رہی ہے اور ساتھ ساتھ ریاست کے تہذیب و تمدن ، کلچر خصوصاً بھائی چارہ کی علم کو فروزاں رکھنے پر چٹان کی طرح آج بھی قائم ہے ۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری اور سابقہ کابینہ وزیر ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ ریاست کا ہر طبقہ اس وقت ناگفتہ بہہ حالات کے دور سے دوچار ہے اور ہمارے نوجوان خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوان بیکاری اور بیروزگاری کی وجہ سے غیر یقینیت اور مایوسی کی زندگی گزار رہے ہیں جو ہم سب کیلئے ایک المیہ اور انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چلنج ہے دوسری طرف ریاست کے لوگوں کو 5اگست2019سے ہر سطح پر بنیادی آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے اور ہماری ریاست خا خصوصی درجہ غیر آئینی طور پر چھین لیا گیا جن پر آج بھی تینوں خطوں کے عوام احتجاج پر ہے اور ریاست کے خصوصی درجے کی بحالی کیلئے ہم قانونی جنگ میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ ریاستی عوام کو اب مذہبی آزدی کے ساتھ ساتھ آزادی صحافت سے بھی محروم کر دیا گیا،ہمارے مقدس زیارت گاہوں اور مساجد مقفل رکھی گئی ہیںا ور نماز جمعہ بھی خصاصاًمدینہ ثانی درگاہ حضرت بل ، زیارت پیر دستگیر صاحب نقشبند صاحب کے ساتھ ساتھ تاریخی جامع مسجد بھی برابر مقفل رکھی گئی ہے۔
وادی چناب میں زیر تعمیر پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روزگار دیاجائے:منجیت سنگھ
جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے وادی چناب میں مختلف پن بجلی پروجیکٹوں اور شاہراؤں کی تعمیر پر مامور کمپنیوں سے گذارش کی ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیاجائے۔ منجیت سنگھ اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی کی طرف سے پارٹی دفتر پر منعقدہ ایک پروگرام میں بول رہے تھے ۔نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے اُمیدظاہر کی کہ ضلع ڈوڈہ کے اندر پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔ منجیت سنگھ نے کہاکہ وادی چناب آبی وسائل سے مالا مال ہے لیکن پھر بھی ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں جاری ریلوے، ہائیڈرو اور ریلوے پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوں نے کہاکہ اِن پروجیکٹوں پر کام کر رہی کمپنیوں نے حکومت سے معاہدہ کیاتھاکہ وہ زیادہ سے زیادہ مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے لیکن اُنہیں نظر انداز کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ وادی چناب میں بے روزگاری حد درجہ بڑھ چکی ہے جبکہ بڑی تعداد میں پروجیکٹ ہیں جن میں مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیاجاسکتا ہے تاہم انتظامیہ حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدات کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہے۔ اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے بھی اِس موقع پر خطاب کیا اور کہاکہ وادی چناب میں غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی اور پینے کے صاف پانی کی عدم سپلائی لوگوں کے اہم مسائل ہیں۔ چناب سے تیار ہونے والی بجلی سے ملک کی دیگر ریاستیں روشن ہورہی ہیں لیکن مقامی لوگوں کو سبسڈی ریٹس پر مبینہ طور بجلی سپلائی نہیں کی جارہی۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ چناب کے لوگووں کو کم سے کم قیمت پر بجلی فراہم کی جائے۔
پینتھرس پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے رامسو میں میٹنگ
رامسو //سب ڈویژن رامسو میں پنتھرس پارٹی کی جانب سے مگرکوٹ کے مقام پر ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔پنتھرس پارٹی یوتھ ونگ کی جانب سے بلائی گئی۔ اس میٹنگ میںحالیہ دنوں پارٹی سے نکلے لیڈر سیوا سنگھ بالی کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت کے بعد پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز ہوئی میٹنگ میں پارٹی کی مضبوط کیلئے تمام کارکنان نے محنت کرنے اور عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کا اعادہ کیا۔ینگ پنتھرس کے ضلح صدر رام بن افتیاز سوہل نے تمام پارٹی کارکنان کو ہر محلہ گاں جاکر عوام کے مسائل کی نمایندگی کرنے کی اپیل تاکہ پنتھرس پارٹی کو ضلع رام بن میں مزید مستحکم بنایا جاسکے۔افتیاز سوہل نے کہا کہ فورلین تعمیراتی کمپنیوں میں مقامی بیروزگار لوگوں کو روز گار فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے اور کمپنیوں کو لیبر ایکٹ قوانین کا پابند بنایا جائے۔