ڈوڈہ //ڈوڈہ میں پیش آئے دلدوز حادثہ میں ماں و کمسن بچے سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کی شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب کھیلینی سے ڈوڈہ جارہی ایک ویگنار زیر نمبری JK06A-3351 نالہ کے نزدیک حادثہ کا شکار ہوئی اور تین سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچاؤ کاروائی شروع کیں۔مقامی رضاکاروں و انتظامیہ نے تینوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا جس دوران راستے میں ہی محمد طلحہ ولد شکیل احمد (6) نے دم توڑ دیا جبکہ اس کی والدہ سلمہ بیگم زوجہ شکیل احمد (32)جی ایم سی میں پہنچتے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں اور شکیل احمد (35)سال شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بھرتی کیا گیا۔