سری نگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میںجنگجویت کو گہرا چوٹ لگنے کے بعد قابو کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا بی جے پی جموں کشمیرکے ہر ضلع اور علاقے میں تعمیر و ترقی کے کام میں مصروف عمل ہے ۔ کے این ایس کے مطابق انہوں نے کہا جموں و کشمیر میں نہ صرف جنگجویت پر قابو پایا گیا ہے بلکہ جنگجوئوں کو بھی گہری چوٹ پہنچائی گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جموں و کشمیر ویکسینیشن میں پورے ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں جن سنگھ نظریہ ساز پنڈت دین دیال اُپادھیائے کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہماری سرکار اچھی طرح سے چل رہی ہے اور عوام کی فلاح و بہبودی کے لئے کام کئے جا رہے ہیں۔ چگھ نے کہا کہ کشمیر ہو یا جموں، کٹھوعہ ہو یا کشتواڑ، پونچھ راجوری ہو یا کشتواڑ کے دور دراز علاقے ہر جگہ کام ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا،’’یہاں سیکورٹی صورتحال بھی بہتر ہے، جنگجویت کو کنٹرول کیا گیا ہے اور جنگجوئوں کو بھی چوٹ پہنچائی گئی ہے‘‘۔