سری نگر//کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما یوسف تاریگامی نے ’رہبرجنگلات‘کی 234 اسامیوں کوختم کرنے کے فیصلے کواعلیٰ تعلیم یافتہ جوانوں کیلئے ایک اورجھٹکا قراردیا ہے۔ایک بیان میں یوسف تاریگامی نے کہا کہ بے روزگارفارسٹری گریجویٹوں ،ڈی ڈی آر،اور پوسٹ گریجویٹوں کوروزگار فراہم کرنے کیلئے ’رہبرجنگلات‘ کومعرض وجود لایا گیا تھا۔ تاہم ، کمشنر سیکرٹری محکمہ جنگلات و ماحولیات کی طرف سے جاری ایک حکم کے ذریعے فاریسٹ گارڈ کی ان234 اسامیوں کو ختم کر دیا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جموں و کشمیر حکومت نے جنگلات کے قابل ٹیکنوکریٹس کے لیے’’رہبر جنگلات‘‘ پالیسی مرتب کی تھی۔ اب یہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان کہاں جائیں گے کیونکہ ان میں سے بیشتر سرکاری نوکریوں کے لیے عمر کی حد کے دہلیز پر ہیں۔تاریگامی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے دعوی کیا تھا کہ دفعہ 370 جموں و کشمیر کی ترقی میں رکاوٹ ہے اور اس کی منسوخی سے خطے میں سرمایہ کاری ، روزگار اور خوشحالی آئے گی۔ حکومت کی طرف سے جو کہا جارہا ہے وہ حقیقت سے مختلف ہے۔ وہ لوگ جو پہلے ہی ملازمت میں تھے ، کومنظم طریقے سے روزگار سے بیدخل کیا جا رہاہے۔ حال ہی میں سماجی بہبود کی ICDS اسکیم میں918 ہیلپروں کو بغیر کسی وجہ کے برطرف کردیا گیا۔ تارگامی نے جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر اور چیف سیکریٹری سے گزارش کی کہ وہ’’رہبر جنگلات‘‘اور آئی سی ڈی ایس ہیلپروں کے اہم مسائل پر ہمدردی سے غور کریں اور متعلقہ محکمہ سے ان فیصلوں پر نظرثانی کرنے کو کہیں۔