بڈگام//پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ نے جموں کشمیر کاریاستی تشخص فوراًبحال کرنے اور 5اگست2019کو لئے گئے فیصلوں کو فوری طورمنسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے ہی جموں کشمیر کے لوگوں کو اعتمادوبھروسہ بحال کیا جاسکتا ہے۔ایک بیان کے مطابق پارنیو خان صاحب میں پارٹی کنونشن میں پاس کی گئی ایک قرار دادمیں مرکزی حکومت پرزوردیا گیا کہ وہ جموں کشمیر کے نوجوانوں کے احساسات اور جذبات کی قدر کریں۔قراردادمیں کہاگیا کہ جموں کشمیرکاریاستی درجہ بحال کرنااوراسمبلی انتخابات کاانعقاد امن واستحکام بحال کرنے کیلئے بنیادی اہمیت کے حامل ہیں ۔ قرار داد کے ذریعے مرکزی و جموں کشمیر حکومتوں پر زور دیا گیا کہ نالہ شالی گنگا اور سکھناگ پر پہلے ہی منظور کئے گئے دو منی بجلی گھروں کی تعمیر پر سرعت سے کام شروع کیا جائے ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حکیم محمد یاسین نے مرکزی حکومت سے تلقین کی کہ وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو مین سٹریم کے نزدیک لانے کے لئے ان کی اُمنگوں و آرزوں کو پورا کرنے میں کو دقیقہ فروگزاشت نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے اپنے حقیر سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لئے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ وقت وقت پر وعدہ خلافیاں کیں جس کی وجہ سے وہ ملک کی قیادت سے بد دل اور بد ظن ہو گئے ۔