سرینگر// اِنتظامیہ کونسل کی میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میںایک اہم فیصلے کے تحت جموں کے گائوں رکھ رائے پور میں 974 کنال 2 مرلہ کی سرکاری اراضی کی منتقلی کی جموں ہوائی اڈے پر نئے ٹرمنل کے قیام کے لئے ائیر پورٹ اتھارٹی آف اِنڈیا ( اے اے آئی ) کے حق میں منظوری دی گئی۔نئے ٹرمنل کا قیام جموں ائیر پورٹ کے فضائی ٹریفک کو سنبھالنے کی صلاحیت میں نمایاں اِضافہ کرے گا جس سے سیاحت ، معیشت کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔یہ فیصلہ ہندوستانی ہوا بازی شعبے کی ترقی کو نمایاں انداز میں فروغ دینے کے لئے حکومت کی پالیسی کے مطابق ہے۔ اِنتظامی کونسل میٹنگ میں گزٹیئر س یونٹ سرینگر کو بند کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔یہ فیصلہ اِس کمیٹی کی سفارشات پر عمل در آمد کرنے کے لئے لیا گیا ہے جس کی سربراہی اِنتظامی سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ کرے گا جو کہ یونٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی تھی۔کمیٹی نے یونٹ کو غیر فعال پایا تھا، اس کی افادیت ختم ہو گئی تھی لیکن اس پر سالانہ اخراجات 109لاکھ روپے تھے۔اِنتظامی کونسل نے گزٹیئر یونٹ کو بند کرنے اور اس کا ریکارڈ ، دفتر ی سامان اور موجودہ عملہ کو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کرنے کا فیصلہ لیا۔