دبئی //آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) مرحلے میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2021 کے پانچ میچوں میں نمائندگی کی لیکن کسی میں بھی انہوں نے گیندبازی نہیں کی جو ا?ئندہ ٹی -20 عالمی کپ میں ہندوستان کے لئے باعث تشویش ہوسکتا ہے۔ تاہم ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما کافی پراعتماد ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ پانڈیا دن بہ دن بہتر ہو رہے ہیں۔آئی پی ایل پلے آف سے باہر ہوچکی پانچ بار کی چیمپئن ممبئی کے کپتان روہت نے کہا ،"فیزیو، ٹرینر اور پوری میڈیکل ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے، فی الحال توانہوں نے اس لیگ میں ایک بھی گیند نہیں ڈالی ہے۔ لیکن وہ دن بہ دن بہترہوتے جارہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ اگلے ہفتے سے وہ بالنگ کرنے کے لیے بھی فٹ ہو جائیں گے۔ صرف فیزیو یا میڈیکل ٹیم ہی اس پر کچھ بتا سکتی ہے۔ "اس سے قبل ممبئی انڈینز کے کوچ مہیلا جے وردھنے بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر ان پر گیندبازی کے لیے دباؤ ڈالا گیا تو اس کااثران کی بلے بازی پربھی پڑسکتا ہے۔ ہاردک کے لئے آئی پی ایل کا یہ سیزن بہت مایوس کن تھا، انہوں نے 14.11 کی اوسط سے صرف 117 رنز بنائے اور اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی 113.39 ہی رہا۔روہت شرما نے ان کی بلے بازی کے بارے میں کہا، "جہاں تک ان کی بلے بازی کا سوال ہے تو ہم سب ان کی صلاحیتوں سے واقف ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ ان حالات سے واپسی کرچکے ہیں اور مجھے ذاتی طور پر بھی یقین ہے کہ وہ دوبارہ شاندار رنگ میں نظرآئیں گے۔ہاردک کے علاوہ انڈین ٹی 20 ورلڈ کپ میں ممبئی انڈینز کے مزید چار کھلاڑی ہیں- جسپریت بمراہ، ایشان کشن، سوریا کمار یادو اور راہل چاہر۔ بمراہ کے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی ان کے نام کے مطابق نہیں رہی ہے۔ حالانکہ ایشان اور سوریا کمار نے لیگ مرحلے کے آخری میچوں میں واپسی ضرور کی ہے۔