سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق پیر پنچال کے آر پار بالائی علاقوں میں اس موسم کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی جس کیساتھ ہی وادی میں غیر متوقع پر سردی کی شدید لہر نے قبل از وقت ہی دستک دی ہے۔اس دوران اتوار کی شام گریز اور مغل روڑ بند کردیا گیا۔جبکہ لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت معطل ہو گئی ۔محکمہ موسمیات نے پہلے ہی کہا تھا کہ پیر کو مطلع ابر آلود رہیگا البتہ بارش نہیں ہوگی اور 16اکتو بر تک موسم خشک رہیگا۔درمیانی شب زوجیلا میں اچھی خاصی برفباری ہوئی جبکہ سونہ مرگ کے پہاڑوں پر بھی ہلکی برف گری۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹرمختار احمدنے بتایا کہ 16 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 16اکتوبر کی شام سے 18اکتوبر تک بارشیں ہونے کا قوی امکان ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ قبل از وقت برفباری اور موسلا دھار بارشیں ہونے کی وجہ سے وادی بھر میں درجہ حرارت کم سطح پر آگیا ہے جو عمومی طور پر 10ڈگری نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب گلمرگ میں سب سے کم درجہ حرارت 1.5ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرینگر میں9.8،پہلگام میں 6.7اور کپوارہ میں 7.6ڈگری رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیر کو دن کا درجہ حرارت کپوارہ میں 13.1،سرینگر میں 16.4،گلمرگ میں 5.8 اورپہلگام میں 14.8 ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے مہینے میں عمومی طور پر سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 24 ہونا چاہیے لیکن اس میں 10ڈگری کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر اتوار کو کپوارہ کے کاچہامہ ،درد پورہ ،تمنہ ،ہفرڈہ ،زرہامہ اور دیگر پہاڑی علاقوںمیں ہلکی برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں پورا ضلع سر دی کی لپیٹ میں آگیا ہے ۔کرناہ کی نستہ چھن گلی پر 5 انچ ،زیڈ گلی مژھل میں4اور کیرن کے فرکیاں ٹاپ پر 3 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ بنگس وادی ، شمس بھری پہاڑی ،سمیت ٹایا ، راگنی ،گناڈوری کے پہاڑ وں پر بھی برف کی موٹی تہہ بچھ گئی ہے۔ بانہال، گریز ، گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیر پنچال کے پہاڑوںپر بھی برف و باراں ہوا۔گلمرگ میں رواں سال کے دوران اونچے پہاڑوں پر دوسری بار ہلکی برفباری ہوئی۔افروٹ اور کنگہ ڈوری میں برف گری جس سے وادی بھر میں سردی کی شدید لہر پیدا ہوئی۔اکتوبر کے مہینے میں اس قدر شدید سردی غیر متوقع طور پر پیدا ہوئی ہے کیونکہ ابھی واد ی میں دھان کی کٹائی مکمل نہیں ہوئی ہے اور سیب اتارنے کا سلسلہ شروع ہی ہوا ہے۔رازدان ٹاپ گریز میں ایک فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے اور گریز روڑ بند کردیا گیا ہے۔شوپیان مغل روڑ پیر کی گلی پر برفباری کی وجہ سے بند کیا گیا لیکن اسے پیر کی صبح دوبارہ کھول دیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے۔ ادھر موسم کی خرابی کے پیش نظر سرینگرلداخ شاہراہ پر زوجیلا پر شدید برفباری کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔