سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں آپسی بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو زک پہنچانے کی مذموم کوششیں جاری ہیں۔ اس لئے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم جموں و کشمیر میں رواداری کو بنائے رکھنے میں ہم اپنا کردار ادا کریں۔ بارہمولہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مفادات اور احساسات کی ترجمانی اور تحفظ میں این سی کا کلیدی رول رہا ہے اور آج بھی ہماری جماعت عوامی اُمنگوں اور خواہشات کو ملحوظ نظر رکھے ہوئے برسر جد وجہد ہے اور لوگوں کے بنیادی حقوق، آئینی اور مراعات کی حصولیابی کے لئے قانونی جنگ لڑنے میں مصروف ہے۔انکا کہنا تھا کہ پارٹی سخت ترین دور، مشکل ترین چیلنجوں اور امتحان کی گھڑیوں کا پورے عزم کیساتھ مقابلہ کرتی آئی ہے اور آج بھی لوگوں کی پشت پناہی اور اشتراک سے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔