پونچھ// ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے مستقبل کو لیکر ضلع کے سیاسی رہنماؤں اور انتظامیہ کی سنجیدگی کا اندازہ13 برس سے زیر تعمیرجموں یونیورسٹی پونچھ کیمپس کی عمارت کا حال دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے ۔اس عمارت کا سنگِ بنیاد 2008 میں مختلف سیاسی رہنماؤں نے رکھا مگر 13سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی یہ عمارت مکمل نہیں ہوئی اور مقامی طالب علموں کا پونچھ میں ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق 2008 سے اقتدار بدلنے کے ساتھ ساتھ جموں یونیورسٹی پونچھ کیمپس کا سنگ بنیاد بھی بدلتا گیا اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے سنگ بنیاد رکھنے کے لئے پونچھ آنے کی زحمت بھی کی لیکن اس امر کے بعد عمارت کے کام کاج کو مکمل کرنے میں کسی نے زمینی سطح پر دلچسپی نہیں دکھائی اور متعدد وجوہات کے باعث اس یونیورسٹی کیمپس کے کام میں خلل پیدا ہوا جن میں سے سب سے بڑی دووجوہات بتائی جارہی ہیں ان میں اس کیمپس کے لئے یہ جگہ کم مانی گئی اور اس عمارت کے کام پر عدالت کا حکم استقامت لایا گیا لیکن ذرائع کے مطابق ان دونوں باتوں کا حقیقت کے ساتھ کوئی سروکار نہیں اور اگر ہوتا بھی تو ان معاملات کو 13 سال تک حل نہ کرنا بھی اپنے آپ میں ایک سوال کھڑا کرتا ہے ۔ اس عمارت کے رکے ہوئے کام کو لیکر نوجوانوں کے بارہا احتجاج کے بعد ایک مرتبہ اْس وقت کے ریاستی گورنر نریندر ناتھ وہرا نے کیمپس کی تعمیر کے لئے 1.39 کروڑ روپے واگزار کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس وقت سے اب تک اس عمارت کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق گورنر کی جانب سے اعلان کی گئی رقم واگزار ہی نہیں ہوئی جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پونچھ کے تمام سیاسی رہنما اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں یونیورسٹی پونچھ کیمپس کی عمارت تعمیر کروانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ 2008 سے پونچھ کے زیر تعلیم وہ بچے جو اس وقت چھوٹی جماعتوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے ایک خواب سجا چکے تھے کہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم بھی پونچھ میں ہی حاصل کریں گے لیکن ان میں کچھ تو تعلیم کو غربت کی وجہ سے آگے نہیں بڑھا پائے اور کچھ اعلیٰ تعلیم جموں کشمیر یا بیرون جموں و کشمیر سے حاصل کر کے واپس لوٹ آئے ہیں مگر اب تک یہ عمارت مکمل نہیں ہو سکی جو قابلِ افسوس ہے ۔واضح رہے کہ موجودہ وقت میں کیمپس کا کام کاج گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے ایک دو کمروں میں سر انجام دیا جارہا ہے جس میں اس قدر گنجائش نہیں کہ اعلیٰ جماعتوں کا سلسلہ چلایا جا سکے ۔وقت کی اہم ضرورت ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں جموں و کشمیر انتظامیہ ضلع پونچھ کے طالب علموں کے ساتھ انصاف کرے اور جلد از جلد یونیورسٹی کیمپس پونچھ کے کام کو شروع کر مکمل کروائے۔ رابطہ کرنے پر جموں یونیورسٹی پونچھ کیمپس کے انچارج پروفیسر دیبانکر دا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بہت جلد پونچھ کیمپس کی عمارت پر دوبارہ سے تعمیری کام شروع کیا گا اور ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ بھی اپنے جموں دورے کے دوران جہاں مختلف تعمیری کاموں کے سنگ بنیاد رکھیں گے وہیں پر وہ جموں یونورسٹی میں پونچھ کیمپس کے ساینس اینڈ ٹکنالوجی برانچ کی بھی آن لاین سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ان کے مطابق بہت جلد جموں یونورسٹی پونچھ کیمپس کی تعمیر کو مکمل کی جائے گی تاکہ پونچھ کے طلباء و طالبات پونچھ میں ہی اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔