پنچایت حلقہ گول بی میں بجلی کی آنکھ مچولی
لوگ کافی پریشان، عوامی نمائندے خواب غفلت میں
زاہد بشیر
گول//اگر چہ بنیادی سہولیات بہم پہنچانے اور مسائل کوحل کرنے کے لئے سرکار نے لوگوں کو بنیادی سطح پرایک سسٹم تیار کرنے کادعویٰ کیا ہے جسے پنچایت ،بلاک سطح اور ضلع سطح پر لوگوں کی پریشانیوںکودورکرنا مقصود تھا لیکن یہاں ممبر سے لے کرڈی ڈی سی ممبر تک خواب غفلت میں سوئے ہوئے ہیںیا سرکارہی ان کی نہیںسنتی ہے ۔گول پنچایت بی کے زوہدمحلہ اورپڈھیارمحلہ میں کئی سال سے بجلی کی آنکھ مچولی اورکم وولٹیج کی وجہ سے یہ لوگ کافی پریشان ہیںاگر چہ سوشل میڈیا ،پرنٹ میڈیا کے ذریعے سے بھی ان لوگوں نے انتظامیہ اورسرکارکوجگانے کی کوشش کی تھی لیکن تمام کے تمام خواب خرگوش میں مست ہیں کوئی ان کی نہیں سنتا ہے ۔اگرچہ مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ پنچایتی نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا تھا ۔بیک ٹوولیج میں بھی اپنی بات رکھی اور کئی مرتبہ انتظامیہ،محکمہ اور دیگر سیاسی لیڈروںسے بھی استدعا کی تھی لیکن افسوس کامقام ہے کہ جہاں یہ لیڈر بڑے بڑے دعوے کررہے ہیںلوگوںکوگول کو ضلع بنانے ،گول میں بڑے بڑے منصوبے بنانے کے دعویٰ کررہے ہیں لیکن ان سے دو محلوں میں بجلی کی صورتحال ٹھیک نہیں ہوپارہی ہے۔ ان چھوٹے چھوٹے مسائل کو حل کروانے کے لئے پنچایتی ممبر بنائے گئے تھے لیکن اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ممبر تو کیایہاں بڑے بڑے لیڈر بھی لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہورہے ہیں اس سے کیا توقع کی جا سکتی ہے کہ آنے والے وقت میں لیڈران کے واقع شرمندہ تعبیرہوں گے یایہ صرف سراب ہی ثابت ہوں گے ۔ضرورت ا س بات کی ہے کہ محکمہ اور لیڈران و دیگرنمائندوں کوچاہئے کہ وہ جلدازجلدعوامی مسائل کو حل کریں تاکہ لوگوں کااعتماداوراعتبار برقرار رہ سکے۔
اسلحہ و گولہ بارود سمیت شخص کی گرفتاری کا دعویٰ
عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ایک شخص کو دیسی ساخت کے پستول سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بیان کے مطابق مشکوک شخص کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات کی بنیاد پر کشتواڑ پولیس، 26 آر آر و سی آر پی ایف کی 52 بٹالین کے اہلکاروں نے مالیپٹھ میں مشترکہ ناکہ قائم کیا تھاجس دوران گاڑیوں، مسافروں و پیدل چلنے والوں کی تلاشی کی گئی۔اس دوران ناکہ پارٹی نے ایک شخص کی مشکوک حرکت دیکھی جو بغیر چیکنگ کے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔ناکہ پارٹی کے پر مامور جوانوں نے اس پر قابو پالیا اور اور اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول (کٹہ) برآمد ہوا۔ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت سلمان سلیم عرف جولی ولد محمد سلیم ساکنہ مالی پیٹھ کشتواڑ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے سلسلے میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 239/2021 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ کشتواڑ میں درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوںتک ٹریفک میںخلل
ایم ایم پرویز
رام بن//جموں سری نگر قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح چنانی اور ادھم پور کے درمیان کھا موڑ کے مقام پر چار لین تعمیراتی مقام پر گاڑیوں کی آمدورفت چند گھنٹوں کے لیے درہم برہم رہی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لٹکے ہوئے چٹانوں اور پتھروں کو صاف کرنے کے لیے این ایچ اے آئی کی جانب سے کام میں مصروف کھا موڑ کنٹریکٹر کمپنیوں میں آرٹیریل ہائی وے کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دھماکہ کیا جس کی وجہ سے سڑک پر مٹی کے تودے اور بھاری پتھر آ گئے جس سے ہائی وے کے چنانی اور ادھم پور سیکٹر کے درمیان ٹریفک میں خلل پڑا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھراؤ کا خطرہ ہے جس کی وجہ سے جمعرات کی صبح گاڑیوں کو کچھ دیر کے لیے محفوظ مقامات پر روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک احتیاطی اقدام کے طور پر اور ہائی وے پر آنے جانے والی گاڑیوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے NHAI کی طرف سے پھسلتی ہوئی پتھروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی وجہ سے جمعرات کی صبح کھا موڑ پر گاڑیوں کی آمدورفت چند گھنٹوں کے لیے معطل رہی۔بعد ازاں علاقے میں پہلے سے تعینات افراد اور متعلقہ روڈ مینٹیننس ایجنسی NHAI کے مشینری نے کھا موڑ پر سڑک سے مٹی کے تودے اور پتھروں کو ہٹا دیا اور شاہراہ پر ٹریفک دوبارہ شروع کر دی گئی۔تاہم کھا موڑ پر سڑک کھلنے کے بعد دوپہر تک چنانی اور ادھم پور کے درمیان مختلف مقامات پر ٹریفک جام رہا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ زیادہ تر ٹریفک کو صاف کر دیا گیا ہے لیکن جموں کی طرف بہت زیادہ ٹریفک ابھی بھی ہے۔
۔ 2 نومبر سے پوجا چھٹیوں کا اعلان
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، جموں نے جمعرات کو 2 نومبر سے 6 نومبر 2021 تک سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں پوجا کی تعطیلات کا اعلان کیا۔ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے "یہ حکم دیا جاتا ہے کہ جموں ڈویژیڑن کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے اور ہائیر سیکنڈری لیول (سمر/ونٹر زون) تک کے تسلیم شدہ پرائیویٹ اسکولوں میں پانچ (5) دن کی پوجا چھٹیاں منائی جائیں گی جودو نومبر سے چھ نومبرتک جاری رہیںگی‘‘۔
خبر کی تصحیح
کشمیر عظمی میں کل کے شمارے میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن کے خلاف الزامات پر مبنی ایک خبر شائع ہوئی تھی جس میں غیر دانستہ طور پر پریس کانفرنس میں باپ بیٹے شمس الدین نائیک اورمحمد افضل نائیک کے ساتھ موجود کانگریس لیڈربشیر احمد بٹ کے بجائے غلطی سے مقامی کانگریس لیڈر محمد امین بٹ کا نام لکھا گیا تھا جبکہ محمد امین بٹ کا اس معاملے میں کسی بھی قسم کا کوئی رول ہی نہیں ہے۔ کشمیر عظمی چناب بیورو اس غیر ارادی غلطی کیلئے محمد امین بٹ سے اپنی معذرت پیش کرتا ہے۔