تھنہ منڈی // لاکھوں روپے کے بھاری واجبات اور بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے چلتے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 13 اور بھٹیلی میں محکمہ بجلی کے ملازمین نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر جمعرات کے روز بجلی کی فراہمی منقطع کر کے واجب الادا بقایا جات کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کی۔ اس سلسلے میں تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 13 اور بھٹیلی گاؤں میں انسپکٹر مدو خان کی سربراہی میں کسی بھی صارف کے ساتھ امتیازی سلوک کئے بغیر نادہندگان کے خلاف انتہائی سخت اقدامات کئے جن کے ذمہ لاکھوں روپے کے بھاری واجبات تھے۔اس موقع پر انسپکٹر مدو خان نے روزنامہ کشمیر عظمی کو بتایا کہ واجب الادا بقایاجات اور بلوں کی ادائیگی کی وصولی کے سلسلے میں کسی بھی طرح کی نرمی نہیں کی جارہی ہے۔ انھوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بنا کسی تاخیر کے اپنے تمام بقایاجات کی ادائیگی کریں اور کسی بھی طرح کی لاپرواہی سے اجتناب کریں تاکہ ان کیلئے بجلی کی فراہمی دستیاب رہے۔ انسپکٹر مدو خان نے مزید کہا کہ کوئی چھوٹا ہو یا بڑا سب کو بجلی کے ماہانہ بلوں کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ اس مہم میں انسپکٹر مدو خان ،لائن مین کبیر خان، ارشد رینہ، محمد افضل،گلزار احمد لون، مقصود احمد ڈار اور محمد ریاض کے علاؤہ متعلقہ محکمہ کے دیگر کئی ملازمین بھی موجود تھے۔